سرینگر:کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنما اور جموں و کشمیر ماس موومنٹ کی چیرپرسن فر یدہ بہن جی نے نوجوان رہنما شہید برہان وانی کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ برہان وانی اور انکے ساتھیوں نے 8جولائی2016 کو اپنی جانیں قربان کرکے تحریک آزادی کشمیر میں ایک نئی تاریخ رقم کی ۔ شہید رہنما کشمیری نوجوانوں کے لیے ایک رول ماڈل ہیں، شہدا نے جس مشن کے لئے اپنی جانیں قربان کی وہ منز ل کے حصول تک جاری رہے گا
کشمیریوں کے معروف نوجوان رہنما شہید برہان وانی کے آٹھویں یوم شہادت پر اپنے پیغام میں فریدہ بہن جی نے کہاکہ برہان وانی شہید نے کشمیریوں کی جدوجہد کو ایک نیا رخ دیا،خاص کر نوجوانوں کو انہوں نے جدوجہد کی طر ف مائل کرکے ان میں جرات ،بہادری اور جذبہ شہادت کا شوق پروان چڑھایا ،برہان وانی اور انکے ساتھیوں نے 8جولائی کو اپنی جانیں قربان کرکے تحریک آزادی کشمیر میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے جو کہ کشمیریوں خاص کر نوجوانوں کے لئے مشعل راہ ہے ،کشمیری خاتون رہنما نے کہاکہ شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم ان کے مشن کو جاری رکھیں ،انہوں نے کہاکہ شہدا کی قربانیوں کے ہم امین ہیں اور کسی کو بھی ان قربانیوں پر سیاسی محل تعمیر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی
انہو ں نے برہان وانی اور ان کے ساتھیوں نے اپنے لہو اور جان سے کشمیریوں کے جدوجہد کی آبیاری کی اور وہ ان کا نام تحریک آزادی کشمیر کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا ،انہوں نے کہاکہ برہان وانی نے اپنے خون سے شمع آزادی کو جلا بخشی اور نوجوانان کشمیر کے لئے مشعلِ راہ بن گئے۔ کشمیر کے ان سپوتوں نے بھارت کی بزدل افواج کو للکارا اور لوہے کے چنے چبوائے اور برہان وانی کشمیر کے نوجوانوں کے ہیرو قرار پائے۔ برہان وانی نے سوشل میڈیا کے توسط سے بھارتی افواج کے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہے اور دنیا کی توجہ کشمیر کی جانب مبذول کرادی اس طرح انہوں نے تحریک کو ایک نیا رخ دیا، فریدہ بہن جی نے کہا ہے کہ بھارتی افواج نے نوجوان حریت پسند برہان کو تو شہید کردیا لیکن برہان وانی آج بھی جموں کشمیر کے طول و عرض میں بچے، جوان، بوڑھے اور مرد و زن کے دلوں کی دھڑکن ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بھارت سرکار آزادی کے پروانوں کو شہید تو کرسکتی ہے لیکن آزادی کی سوچ ختم نہیں کرسکتی، آج کشمیر کے ہر گھر میں برہان وانی جیسا نوجوان لیڈر موجود ہے۔انہوں نے مقبوضہ کشمیرمیں کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کے لئے مزید ظالمانہ قوانین کے نفاز پراظہارتشویش کرتے ہوئے کہا کہ ظلم وتشدد اور فوجی طاقت سے بھارت کشمیریوں کی تحریک کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔