برہان وانی بھارت کیخلاف کشمیریوں کی مزاحمتی آواز کی علامت ہے،کل جماعتی حریت کانفرنس


سرینگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ معروف نوجوان رہنما برہان مظفر وانی شہید جموںوکشمیرپر بھارت کے غیر قانونی طور پر قبضے کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت کی علامت ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے برہان وانی کی شہادت کی آٹھویں برسی کے سلسلے میں سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہید رہنما کو کشمیری نوجوانوں کے لیے ایک رول ماڈل قرار دیا۔ بھارتی فوجیوں نے برہان وانی اور ان کے دو ساتھیوں کو 8 جولائی 2016 کو ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکر ناگ میں ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا تھا۔

ترجمان کہا کہ برہان وانی بھارتی سامراج کے لیے خوف کی علامت تھا۔ انہوں نے کہا کہ برہان وانی کی زندگی ، جدوجہد، ہمت اور استقامت کشمیری نوجوانوں کیلئے ایک تحریک کا درجہ رکھتے ہیں جو اپنی سرزمین کو بھارت کے قبضے سے آزاد کرانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے شہید نوجوان رہنما اور تحریک آزادی کے دیگر شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے اپنا آج قوم کے روشن کل کیلئے قربان کیا۔

ترجمان نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ترجمان نے افسوس ظاہر کیا کہ کشمیری نوجوانوں کا قتل، وحشیانہ تشدد کے ذریعے انہیں جسمانی اور ذہنی طور پر معذور کرنا، انہیں جھوٹے مقدمات میں گرفتار کر کے برسوں جیلوں میں بند کرنا بھارت کا وطیرہ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ایک منصوبہ بند سازش  کے تحت کشمیری نوجوانوں کو کسی نہ کسی بہانے شہیدکر رہا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ آٹھ جولائی بروز پیر شہید رہنما کی برسی شایاں شاں طریقے سے منائیں اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ریلیاں، سیمینار اور دیگر پروگرام منعقد کریں اور عالمی برادری کی توجہ بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کے منظم قتل عام کی طرف مبذول کرائیں۔

دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں مولانا مصیب ندوی، فریدہ بہن جی، محمد یوسف نقاش، محترمہ حفضہ بانو، سید بشیر اندرابی، محمد حسیب وانی اور عبدالرشید بٹ سمیت دیگر نے برہان وانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید رہنما نے جدوجہد آزادی میں ایک نئی روح پھونکی ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے شہداء کے عظیم مشن کو مقصد کے حصول تک جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے معروف نوجوان رہنما برہان مظفر وانی شہید اور انکے ساتھیوں کو شہادت کی برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ اور سیکرٹری اطلاعات  مشتاق احمد بٹ نے اسلام آباد میں جاری اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ برہان وانی کشمیر کا ایک عظیم بیٹا تھا جس نے بے مثال بہادری ، لگن اور انتھک محنت سے تحریک آزادی کشمیرمیں ایک نئی روح پھونکی ۔ انہوںنے کہا کہ شہید رہنما کو اپنے مشن کے ساتھ جنون کی حد تک عشق تھا جسکی بدولت اس نے بالآخر شہادت کا عظیم رتبہ پا لیا۔ انہوں نے کہا برہان وانی نے تحریک آزادی کو ایک نئی سمت دی ، وہ ایک نڈر، بیباک اور تعلیم یافتہ نوجوان تھا ۔ ان میں چھوٹی عمر سے ہی قائدانہ صلاحتیں موجود تھیں اور وہ آخر کار تحریک آزادی میں ایک نیا باب رقم کر گیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنما نے کہاکہ شہداء کی قربانیاں تحریک آزادی کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں ، کشمیریوںکا فرض ہے کہ وہ اس اثاثے کی حفاظت کریں اور بھارت کے خلاف اپنی مزاحمت مقصد کے حصول تک جاری رکھیں