سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس کے محبوس سینئر رہنما اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے معروف نوجوان رہنما برہان مظفر وانی شہید اور ان کے ساتھیوں کو شہادت کی برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ بھارتی فوجیوں نے برہان وانی کو8جولائی2016 کو ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکر ناگ میں دو ساتھیوں کے ہمراہ ایک جعلی مقابلے میں شہید کردیاتھا۔
شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام برہان وانی اور انکے ساتھیوں کی عظیم قربانی کبھی بھی فراموش نہیں کرسکتے ۔ انہوںنے کہا کہ شہید نوجوان رہنما نے تحریک آزادی میں ایک مثالی کردار اداکیا اور حق کے راستے میں بالآخر اپنی جان قربان کی۔ شبیر احمد شاہ نے کہا کہ برہان مظفر وانی نے ایک مختصر وقت میں آزادی کیلئے جو بے مثال کام کیا وہ آنے والی نسلوں کیلئے مشعل رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے دلوں میں ان بچوں ، بزرگوں ، خواتین اور نوجوانوں کی یادیں بھی تازہ ہیں جنہوں نے برہان وانی کی شہادت پر شروع ہونیو الے انتفادہ کے دوران بھارتی فورسز کی گولوں اور مہلک پیلٹ چھروں کا بہادری سے مقابلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے اس دوران سینکڑوں کشمیری بچوں کو پیلٹ مار کر بصارت سے محروم کر دیا تھا اور بڑے تعداد میں نوجوان پکڑ پکڑ کر جیلوں اور عقوبت خانوں میں بند کر دیے تھے۔
شبیر احمد شاہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں جاری بھارتی چیرہ دستوں کا نوٹس لے اور سیاسی نظر بندوںکی رہائی اور تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے بھارتی قیادت پر دبا ڈالے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظر بند سینئر رہنما نے واضح کیا کہ خطے میں تنا اور پاک بھارت کشیدگی کی بنیادی وجہ تنازعہ کشمیر ہے لہذا بھارتی قیادت کو چاہیے کہ وہ ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل ترک کر کے اس مسئلے کے حل کیلئے ماحول سازگار بنائے۔