امرناتھ یاترا کے لیے بھارتی فورسز کے ایک لاکھ  اضافی اہلکار مقبوضہ کشمیر میں تعینات


سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ ہندوں کی امرناتھ یاترا کیوجہ سے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا مسلسل شکار کشمیری مزید مسائل و مشکلات سے دوچار ہو گئے ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت نے امرناتھ یاتریوں کی سیکورٹی کی آڑ میں مقبوضہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یاترا کے دوران مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے ایک لاکھ کے قریب اضافی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

فورسز اہلکاروں نے علاقے میں گاڑیوں ، مسافسروں اور راہگیروں کی تلاشی کا سلسلہ بھی تیز کر دیا ہے جسکی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکومت ایک طرف یاتریوں کو تمام سہولیات فراہم کر رہی ہے جبکہ دوسری طرف اس نے کشمیری مسلمانوں کے دینی حقوق بھی سلب کر لیے ہیں، انہیں جمعہ اور عید کی نمازوں کی ادائیگی اور محرم الحرام کے جلوسوں سے روکا جا رہا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ ہندووں کی سالانہ امرناتھ یاترا سے علاقے کے ماحولیات کو بھی سنگین خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ریاستوں سے ہربرس لاکھوںہندو امرناتھ یاترا کیلئے مقبوضہ جموںوکشمیر آتے ہیں، کثیر تعداد میں یاتریوں کی آمد سے خطے کے ماحولیاتی نظام پر تباہ کن اثرات مرتب ہو تے ہیں اوریاترا علاقے میں گلیشیئرز کے پگھلنے، سیلاب اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بنتی ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے افسوس ظاہر کیا کہ بی جے پی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کیلئے علاقے میںنئے ڈومیسائل قوانین نافذ کیے جن کے تحت اگست2019کے بعد سے اب تک لاکھوں بھارتی ہندوں کو یہاں کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے حریت رہنماں ،کارکنوں، وکلا ، صحافیوں ، علما، دانشوں ، تاجروں سمیت  ہزاروں کشمیریوں کوجیلوں اور عقوبت خانوں میں بند کررکھا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ علاقے میں بھارتی جبر اس وقت اپنی انتہا پر ہے اور بھارتی قبضے میں کشمیریوں کا جینا مشکل ہوچکا ہے۔ترجما ن نے کہا کہ مودی حکومت کی تمام تر سازشوں اور ریشہ دوانیوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ تحریک آزادی کیخلاف تمام بھارتی حربوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔مقبوضہ علاقے میں 28جون سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا 19اگست تک جاری رہے گی ۔