لاپتہ شہری کیس، فریقین سے 22 جولائی تک جواب طلب


پشاور(صباح نیوز)پشاور ہائیکورٹ نے متنی سے لاپتہ ہونے والے شہری کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فریقین سے 22 جولائی تک جواب طلب کر لیا۔

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ تھانے کے محرر نے سمن وصول کیا ، اس کے باوجود ایس ایچ او پیش نہیں ہوا، ایس ایچ او اتنا بڑا ہے کہ وہ عدالتی احکامات کو نہیں مانتا۔چیف جسٹس نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سے کہا کہ عدالتی سمن کو اس طرح ردی کے ٹوکری میں پھینکیں گے تو یہ کام نہیں چلے گا، پولیس افسران سے کہیں ،عدالت یہ برداشت نہیں کرے گی۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ سی سی پی او خیبر جا رہے تھے وہاں کچھ اہلکاروں کی شہادت ہوئی ہے، اس موقع پر سی سی پی او محمد قاسم خان نے کہا کہ عدالتی احکامات کی تعمیل یقینی بنائیں گے ، آئندہ ایسی کوتاہی نہیں ہو گی۔ عدالت نے کہا کہ درخواست گزار نے جن لوگوں کو فریق بنایا ہے وہ آئندہ سماعت پر پیش ہو جائیں۔