کراچی(صباح نیوز) پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی)کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہمارے موقف کی تائید ہے، کالے قانون کیخلاف سڑکوں پر آنا پڑا، کچھ پارٹیاں مجبور ہو کر ہماری آواز میں آواز ملا رہی ہیں ۔
انہوں نے کراچی میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2013 میں ایم کیوایم نے پیپلزپارٹی کے ساتھ شب خون مارا، 2013 میں ایم کیو ایم حکومت میں تھی، ان کے سامنے قانون پاس ہوا، ہڑتالوں والی پارٹی پارٹنر ان کرائم رہی، آج یہ نوبت آگئی ہے کہ کچرا اٹھانے والا کوئی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2017 سے بلدیاتی اداروں کے اختیارات کیلئے آواز اٹھا رہے ہیں، میئر کراچی کیلئے اختیارات مانگ رہے ہیں، کراچی کے عوام کیلئے 18 روز دھرنے پر بیٹھے رہے، جو ہمارا مذاق اڑتے تھے وہ آج کریڈٹ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ پارٹیاں مجبور ہو کر ہماری آواز میں آواز ملا رہی ہیں، ہم سندھ کے عوام کے اختیارات کی بات کرتے ہیں، وفاق 56 فیصد پیسہ صوبوں کو دیتا ہے، 56 میں سے 27 فیصد پیسہ سندھ کو ملتا ہے، سندھ کو وفاق سے سالانہ ایک ہزار ارب روپے ملتے ہیں، سندھ کے 70 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔