سرینگر:مقبوضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس (بی جے پی) کے کشمیر مخالف ایجنڈے کی شدید مذمت کرتے ہوئے نریندر مودی کے مقبوضہ علاقے کے حالیہ دورے کو مظلوم کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے متراد ف قرار دیا ہے
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے سری نگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ظالم و جابر بھارتی حکمرانوں کے مقبوضہ علاقے کے دورے آزادی پسند کشمیریوں کے لیے بے معنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں لاکھوں فورسز اہلکاروں کے پہرے میں مختلف طرح کی تقریبات کے انعقاد کے ذریعے عالمی براری کو یہ تاثیر دینے کی کوشش کر رہی ہے کہ علاقے میں حالات معمول کے مطابق ہیں۔
انہوںنے کہا کہ بی جے پی کی فرقہ پرست بھارتی حکومت نے بھارتی آئین کی دفعات 370 اور 35اے کو منسوخ کر کے مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کی اورحریت رہنماؤں ، کارکنوں، طلبائ، انسانی حقوق کے کارکنوں ، علماء ، وکلا اور صحافیوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کو سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے واضح کہا کہ کشمیریوں کا واحد مطالہ مقبوضہ علاقے سے بھارتی فورسز کا مکمل انخلا اور اقوا م متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حق خود ارادیت کی فراہمی ہے۔انہوںنے کہا کہ بھارتی فورسز اہلکار بے گناہ کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کر رہے ہیں جبکہ بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی کو کشمیریوں کی املاک ضبط اور اختلاف رائے کو دبانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اپنے ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل ترک کر کے کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دے۔