سندھ بھر میں بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لئے پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہرے، ریلیاں نکالی گئیں

کراچی(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی کال پر ملک بھر کی طرح سندھ بھر میں بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لئے احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ کراچی میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی قیادت میں کراچی کے حسن اسکوائر سے ریلی نکالی گئی۔  ریلی میں پی ٹی آئی سندھ کے رہنمائوں رضوان نیازی، عالمگیر خان، معظم خان، عابد قریشی، مس سیم خان،علامہ مولانا جمیل اظہر وتھرا، انور مہدی، عائشہ رشید سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا عمران خان پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں انہیں جھوٹے کیسز میں جیل میں پابند سلاسل کیا ہوا ہے عوام پر بھی فرض ہے اپنے لیڈر کے لئے سڑکوں پر نکلیں اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں۔ ملک اس بہت نازک دور سے گزر رہا ہے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا پر امن احتجاج کرنا ہمارا آئینی حق ہے لیکن ملک میں اس وقت آئین و قانون کتابوں میں بند کر دیا گیا ملک میں اس وقت سویلین ڈکٹیٹرشپ چل رہی ہے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا انصاف ہائوس کراچی پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر کے کارکنوں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ دوسری طرف دیگر پارٹیوں کو پروٹوکول کے پروگرام کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے یہ دہرا معیار عوام میں نفرت کا باعث بن رہا ہے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا سندھ میں پیپلز پارٹی کی سو کالڈ جمہوری حکومت نے سندھ میں عوام سے بنیادی حقوق چھین رکھے ہیں۔ حلیم عادل شیخ نے کہا پوری قوم دیکھ رہی ہے کہ عمران خان ظلم، سفاکیت اور مکروہ سیاسی انتقام کا نشانہ ہیں۔ عمران خان کی 5 اگست سے لے کر آج تک جیل میں ناحق قید ہیں۔ حلیم عادل شیخ نے کہا جب تک ملک میں عدلیہ آزاد ہیں ہونگی انصاف نہیں ہوگا پوری قوم تماشہ دیکھ رہی ہے کس طرح عوام کے حقوق کھائے جارہے ہیں۔ پی ٹی آئی سندھ کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری رضوان نیازی نے کہا آج پورے پاکستان میں عمران خان کی رہائی کے لئے پرامن احتجاج کیئے جارہے ہیں قوم کے لیڈر عمران خان کو بے دردی سے جیل میں رکھا ہوا ہے،موجودہ حکمران عمران خان سے ڈرے ہوئے  ہیں ان کو معلوم ہے  فارم 47 کی حکومت عمران خان کے باہر آنے کے بعد ایک دن بھی نہیں ٹکے گی ۔