حیدرآباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی نظریہ اسلام اور نظریہ پاکستان کی بقاء کی جدوجہد کی علامت ہے۔ اس کے پیش نظر ہمہ گیر انقلاب ہے، مہنگائی بدامنی اورآئی ایم ایف کی غلامی سمیت ملک کو موجودہ معاشی وسیاسی بحرانون سے بھی صادق وامین قیادت نکال سکتی ہے۔
ان خیالات کا اظہارحلقہ خواتین جماعت اسلامی سندھ کی ناظمہ صوبہ رخشندہ منیب نے حیدرآباد میں ناظمات اضلاع کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ تحریکوں کی کامیابی کے لئے افرادی وسائل کے ساتھ ساتھ اور مالی قوت کی بھی ضرورت ہے۔ مال کو صحیح وقت اور صحیح جگہ پر خرچ نہ کرنا اصل بخل ہے۔جماعت اسلامی گزشتہ 83 سالوں سے امانت اور دیانت کے اصولوں پر قائم ہے یہی وجہ ہے کہ سندھ سمیت پورے ملک میں جماعت اسلامی کے خدمت خلق کے اداروں پر عوام بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔اسلامی تاریخ بھی ہمیں بتاتی ہے کہ حضور نبی کریمۖ صادق اور امین کے لقب سے مشہور تھے۔ہمیں بحیثیت مسلمان اسوہ حسنہ پر عمل درآمد کرتے ہوئے زندگی کے امور سر انجام دینے چاہئیں اسی میں ہماری دنیا و آخرت میں فلاح ہے۔شعبہ مالیات کی ذمہ اداری انتہائی اہم ہے۔ اس شعبہ کے ذریعے آپ کو امانتوں کی حفاظت اور اصل حق داروں تک ان کو پہنچانے کی ذمہ داری ادا کرنی ہوتی ہے۔جماعت اسلامی واحد تحریک ہے جو اللہ کے دین کے لئے کام کررہی ہے اور دن رات لوگوں کی بھلائی کے کاموں میں مصروف ہے۔انہوں نے کہاکہ مالیات کے معاملات کو درست انداز میں چلانا ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امانت دار کی حیثیت سے ہم جنت ودوزخ کے مستحق ہوسکتے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنی ذمہ داریوں کو اللہ کاخوف رکھتے ہوئے اداکریں۔ ہمیں ہر وقت اپنے حسابات کو آڈٹ کے لئے تیار رکھنا چاہئے۔ اس موقع پر نائب ناظمات صوبہ شگفتہ ابراہیم، فخر انساء متعمدہ صوبہ عذرا جمیل ، نائب معتمدہ صفیہ شمس اور صوباء نگران بیت امال عشرت مظہر بھی موجود تھیں۔#