بجٹ میں عوام کو ریلیف،مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند اور عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں،محمد حسین محنتی


کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے بجٹ میں عوام کو رلیف اور عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کی غلامی اور سودی نظام معیشت سے نجات حاصل کئے بغیر ملک وقوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی، اسلام ونظریہ  پاکستان ہی ملکی ترقی،خوشحالی اور سالمیت کا ضامن ہے، غیروں کے غلام حکمرانوں نے ٹرانسجینڈر بل، اسکولوں میں ڈانس پارٹیوں سے لیکر سودی نظام تک ملک کی نظریاتی سرحدوں کو کھوکھلا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔دینی جماعتیں اسلام وکلمہ طیبہ کیلئے حاصل ملک میں اسلام دشمن بیرونی ایجنڈے کو کبھی کامیاب ہونے نہیں دیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی مسلم لیگ کے رہنماء احمد ندیم اعوان کی زیر قیادت قباء آڈیٹوریم میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کے دوران کیا، وفد نے انہیں جمعہ کو کل جماعتی کانفرنس کا دعوت نامہ بھی پیش کیا۔ صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی امیر نے مزید کہا کہ شدید گرمی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کے ساتھ سراسر ظلم ہے، اووربلنگ اور بھاری بھرکم بل عوام کیلئے موت کا پروانہ ثابت ہورہے ہیں، کے الیکٹرک سمیت بجلی کمپنیوں کو لگام اور ان کا احتساب ضروری ہے۔