کراچی(صباح نیوز)سندھ ہائی کورٹ نے این اے 245 سے ایم کیو ایم امیدوار حفیظ الدین کی کامیابی کے خلاف درخواست جمع کروانے والے پی ٹی آئی کے امیدوار کو فارم 45کی صاف کاپی جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔
سندھ ہائی کورٹ میں الیکشن ٹریبونل میں این اے 245 سے ایم کیو ایم امیدوار حفیظ الدین کی کامیابی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔پاکستان تحریکِ انصاف کے امیدوار عطا اللہ نے این اے 245کے نتائج کو چیلنج کر رکھا ہے۔رہنما ایم کیو ایم حفیظ الدین کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کے جمع کروائے ہوئے 2فارم 45پڑھنے کے قابل نہیں۔
الیکشن ٹریبونل نے درخواست گزار کو گواہوں کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے فارم 45کی صاف کاپیاں جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔الیکشن ٹریبونل نے حکم دیا کہ درخواست گزار آئندہ سماعت پر دیگر شواہد بھی پیش کریں۔
پی ٹی آئی رہنما و درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ فارم 45میں 38ہزار ووٹ سے کامیاب تھا، فارم 45کے مطابق حفیظ الدین نے صرف 15ہزار ووٹ حاصل کیے، فارم 47میں نتائج تبدیل کر کے چوتھے نمبر والے امیدوار حفیظ الدین کو کامیاب قرار دیا گیا۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ فارم 47میں ایم کیو ایم کے امیدوار کی کامیابی کو کالعدم قرار دیا جائے۔بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے آئندہ سماعت 8جولائی تک ملتوی کر دی۔