گریٹر اقبال پارک سے ملنے والے 4 لاوارث بچوں کا سراغ لگا لیا گیا


 لاہور(صباح نیوز)سیف سٹی اتھارٹی نے لاہور کے علاقے گریٹر اقبال پارک سے ملنے والے 4لاوارث بچوں کے والد کا سراغ لگا لیا جبکہ بچوں کو والد کے سپرد کر دیا گیا۔

سیف سٹی کے لاسٹ اینڈ فاؤنڈ نمبر پر بچوں کے والد نے رابطہ کیا۔ لاسٹ اینڈ فاؤنڈ سینٹر نے والد سے بچوں کی تصدیق کی اور متعلقہ پولیس آفیسر سے رابطہ کیا۔ پولیس نے بچے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کردئیے تھے جبکہ تصدیق کے بعد پولیس نے بچے والد کے حوالے کر دیے۔ یاد رہے کہ گزشتہ د نوں بچوں کی والدہ سیالکوٹ سے لاہور آئی اور بچے چھوڑ کر چلی گئی تھی، شوہر کے مطابق اس کی بیوی بھی گھر واپس نہیں آئی۔

شوہر کے بیان کے مطابق بیوی پر جنات کا سایہ ہے، بچے چھوڑ کر وہ خود بھی لاپتہ ہوگئی۔ ترجمان سیف سٹیز کے مطابق سیف سٹی کیمروں کے ذریعے بچوں کی ماں کی تلاش جاری ہے، سیف سٹی اب تک 6 ہزار سے زائد افراد کو اپنوں سے ملوا چکا ہے۔