کوئٹہ(صباح نیوز) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ عوامی نمائندے جمہوریت قائم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ وفاقی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کو عوامی سطح پر بھی زبردست پذیرائی مل رہی ہے، روز اول سے عوام کی امنگوں کے مطابق چلنے، مشکل معاشی حالات کے باوجود مہنگائی بالخصوص پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لانے اور دنیابھر کے سرمایہ کاروں کی توجہ کو ملک میں اور صوبوں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقعوں کی جانب مبذول کروانے سے تعمیر و ترقی کی نئی راہیں متعین ہو رہی ہیں۔
ایک بیان میں گورنربلوچستان نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہمیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگی، عوام دوست پالیسیوں کی تشکیل اور ان پر عملدرآمد کیلئے متعلقہ ویژن و دانش کے حامل افراد کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات حقیقت ہے کہ جمہوریت میں تمام پالیسیوں اور ترقیاتی منصوبوں کا محور و مرکز مفاد خلق ہی ہوتا ہے لہذا تمام منتخب عوامی نمائندوں کا فریضہ ہے کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے اور جمہوریت قائم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔