سری نگر:سرینگر سے دو نوجوان لاپتہ ہو گئے ہیں جس سے ان کے اہل خانہ شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔
لاپتہ نوجوانوں کی شناخت ڈانگرپورہ شالیمار کے علاقے تیل بل کے رہائشی 17سالہ توفیق احمد اور حبک سرینگر کے 18 سالہ عزیر احمد بٹ کے طور پرہوئی ہے۔ نوجوانوں کے اہل خانہ نے صحافیوں کوبتایا کہ سرینگر میں شالیمار کے علاقے ونگنڈا میں ایک دارالعلوم کے دو طالب علم ہفتے کی دوپہر سے لاپتہ ہیں۔
انہوں نے کہاکہ انہیں عصرکی نماز کے بعد تقریبا ایک گھنٹے کا وقفہ ملتا ہے۔ وہ ہفتہ کو اس وقفے کے دوران دارالعلوم سے نکلے تھے جس کے بعد وہ واپس نہیں آئے۔ اہلخانہ نے بتایا کہ دارالعلوم کی انتظامیہ نے ہمیں بلایا، ہم نے انہیں ہر جگہ تلاش کیا لیکن کوئی سراغ نہیں ملا، جس کے بعد قریبی پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی۔