متاثرین منگلا ڈیم کے مسائل فوری حل کیے جائیں،ڈاکٹر مشتاق خان


میرپور ( صباح نیوز)جماعت اسلامی آزادجموںوکشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشاق خان نے کہاہے کہ میرپور ریاست کشمیر کا چہرہ ہے اس کے مسائل کا حل نہ ہونا قیادت کی نالائقی ہے ،متاثرین منگلا ڈیم کے مسائل فوری حل کیے جائیں یہاں کے عوام نے قوم کے لیے اپنے آبائو اجداد کی قبروں کو دومرتبہ ڈوبویاہے

ان خیالات کااظہارانھوںنے جماعت اسلامی میرپور کے زیراہتمام تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر امیر ضلع مولانا عتیق الرحمان،سابق ا میر ضلع ڈاکٹر ریاض احمد،قیم ضلع راجہ اسلم امیر شہر،اشتیاق شہزاد اور دیگر قائدین نے خطاب کیا،اجتماع کے موقع پر ڈاکٹر مشتا ق خا ن کی دعوت پر درجنوں افراد نے جماعت اسلامی شامل ہونے کا اعلان کیا،امیر جماعت اسلامی نے حلف لیا

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہاکہ جماعت اسلامی عوامی طاقت سے ظلم کے نظام کو بدلے گی،جماعت اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے لیے جدوجہد کررہی ہے ،جماعت اسلامی ایسا معاشرہ تشکیل دینا چاہتی ہے جو اسلامی فلاحی معاشرہ ہو،جماعت اسلامی ایسا نظام حکومت قائم کرنا چاہتی جو عوام کو انصاف فراہم کرے ،صحت اور تعلیم کو مفت فراہم کرے ،عوام کی جان مال اور عزت محفوظ ہو ،موروثی سیاست کاخاتمہ ہو،ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاکہ ظلم کے اس نظام کو جماعت اسلامی عوام کی طاقت سے بدلے دے گی،عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں جماعت اسلامی ہی عوام کے مسائل حل کرسکتی  ہے۔