جموں : مقبوضہ جموں وکشمیر میں کنٹرول لائن کے قریب پونچھ میں ایک بڑے فوجی آپریشن کے دوران کشمیری عسکریت پسند مختصر جھڑپ کے بعد قابض بھارتی فوج کو پسپا کرکے فوجی محاصرے توڑنے میں کامیاب ہو گئے ہیں تاہم وسیع جنگلاتی علاقے میں عسکریت پسندوں کی بڑے پیمانے پر کی تلاش شروع کردی گئی ہے اور مزید فوجی کمک طلب کی جاچکی ہے ۔
کے پی آئی کو موصولہ اطلاعات کے مطابق پونچھ کی تحصیل سورنکوٹ میں قابض بھارتی فورسز اورعسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ ہوئی۔ ذرائع نے بتایا کہ جموں ڈویڑن کے پونچھ ضلع میں دیر رات بھارتی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم ہوا۔ فائرنگ جمعرات-جمعہ کی درمیانی شب ضلع پونچھ کی تحصیل سورنکوٹ کے دور افتادہ علاقے رتن پاس کے گھنے جنگلاتی علاقے میں ہوئی۔ مختصر جھڑ پ میں طرفین کے مابین گولہ باری کا تبادلہ بھی ہوا تاہم عسکریت پسندوں قابض فورسز کو پسپا کرکے وہاوں سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے ،جھڑپ میں کسی کے جاں بحق یا زخمی ہونے کی فی الحال کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ دن کی روشنی کے بعد پولیس، ایس او جی، فوج اور سی آر پی ایف کے جوانوں نے علاقے میں تلاشی مہم شروع کی۔ آس پاس کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ اس علاقے میں چوکیوں پر مزید چوکسی برقرار رکھی جا رہی ہے۔ عسکریت پسندوںکو ڈھونڈنے کیلئے علاقے کی طرف مزید فوجی دستے روانہ کئے جاچکے ہیں تاہم آخری اطلاع ملنے تک محاصرہ جاری تھا۔۔