پاکستان کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے: سرفراز بگٹی

کوئٹہ(صباح نیوز) وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف ہر طرح کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔کوئٹہ میں 13 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی عفریت، مذہبی اور لسانی بنیادوں پر قوم کو تقسیم کرنے کی سازشیں کی گئیں،

پاک افواج اور قوم نے یکجہتی سے ہر طرح کی سازشوں کو ناکام بنایا۔انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے میں انفرادی رائے رکھنا ہر کسی کا جمہوری حق ہے، ذاتی رائے کو زمینی حقائق اور سچائی کے پیمانے سے ناپنا ضروری ہے، کسی بھی مقبول بیانیہ کی گہرائی میں تصدیق ضروری ہے۔

وزیر اعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ عالمی دنیا پیشگی تیاری کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی جانب گئی، سماجی اقدار میں پختہ شعور کے بغیر سوشل میڈیا نے ہماری قوم کو تقسیم کیا، غلط بیانیے کے ذریعے ریاست اور نوجوانوں میں خلیج پیدا کی گئی۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے ساتھ ڈائیلاگ کا عمل جاری رکھیں گے، نوجوانوں سے ہر فورم پر دلائل کے ساتھ بات چیت کے لئے تیار ہیں انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے، ہر سطح پر ان کی بات سنیں گے۔

سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے ذریعے قومی سطح پر بلوچستان کا حقیقی تصور واضح ہوا، ورکشاپ میں شامل تمام صوبوں کے شرکا کو صوبے کے زمینی حقائق سے آگاہی حاصل ہوئی، حکومت بلوچستان نوجوانوں کی رہنمائی پر مشتمل سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرے گی