وزیراعظم شہباز شریف سے چینی کمپنیوں کے نمائندوں کی ملاقات

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں چینی کمپنیوں کے نمائندوں کے وفد نے ملاقات کی ۔ وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے  کہا کہ چین اور پاکستان کے دیرینہ اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں،چین پاکستان کی ترقی میں اہم شراکت دار ہے،چین نے پاکستان کی ہر برے وقت میں مدد کی جس پر مجھ سمیت پوری قوم چینی قیادت اور چینی عوام کی مشکور ہے ،پاکستان ہر محاذ پر چین کے ساتھ کھڑا رہے گا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی اور تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کو فول پروف سکیورٹی دینے کے حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہییں۔ اس حوالے سے ایک جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے چینی کمپنیوں کو اسپیشل اکنامک زونز میں بی ٹو بی ٹرانزیکشنز کے تحت صنعتیں لگانے کی ترغیب دی ۔

انہوں نے وزیراعظم کی چینی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو پاکستان میں اپنی صنعتیں قائم کرنے کی دعوت بھی دی وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک – II کے حوالے سے بھرپور تیاری کر رہے ہیں ؛ میرے آنے والے دورہ  چین کا محور  سی پی- II اور پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعلقات کا مزید فروغ ہو گا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین دنیا کی دوسری معیشت ہے جو ہمارے لئے انتہائی خوشی اوراطمینان کا باعث ہے ؛ چین نے جس طرح 700 ملین افراد کو غربت سے نکالا وہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔

برآمدات بڑھانے کے حوالے سے چینی تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیںچین پاکستان کی برآمدات کو چین اور خطے کے دوسرے ملکوں تک پہنچانے میں اپنے تجربات کی روشنی میں پاکستان کی مدد کرے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے ؛ زراعت کے شعبے میں جدت اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے خواہاں ہیں،پاکستان میں آئی ٹی سیکٹر کے فروغ کے لئے چین کی آئی ٹی انڈسٹری کی مہارت سے فائیدہ اٹھانے کا خواہاں ہے ۔

وزیراعظم نے وفد کو آگاہ کیا کہ حکومت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے ،حکومتی سطح پر اصلاحات کی جارہی ہیں، ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جا رہا ہے ، ٹیکس نظام میں لیکیجز کا خاتمی اور بجلی کی چوری کے خلاف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،

ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کی جا رہی ہے جس سے قومی خزانے کو فائدہ ہو گا ۔وزیراعظم نے  چینی کمپنیوں کے تمام تر مسائل حل کرنے کی۔ملاقات میں پاکستان چین جے سی سی کے حوالے سے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے  بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ریلوے میں لائین 1 کی آپ گریڈیشن ، قرقراقرم ہائی وے کی ری الائینمینٹ ، خصوصی اقتصادی زونز کا قیام، گوادر بندرگاہ اور ایگری کلچر ڈیمانسٹریشن زونز سی پیک کے ترجیحی منصوبے ہوں گے ۔چینی کمپنیوں کے نمائندوں نے پاکستان کو اپنا دوسرا گھر قرار دیا،چینی کمپنیوں کے نمائیندوں نے پاکستان میں اپنا کاروبار اور سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں وزیر تجارت جام کمال خان ،وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی ،وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ قیصر احمد شیخ، وزیر پیٹرولیم مصدق ملک ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی ، پاکستان میں تعینات چین کے سفیر عزت مآب جیانگ زیڈونگ اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی ۔