آزاد کشمیر میں مذاکرات کامیاب ، حکومت نے عوامی ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات تسلیم کر لئے


راولاکوٹ(صباح نیوز)آزاد کشمیر حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، حکومت نے تمام مطالبات تسلیم کر لئے۔ نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق مذاکرات کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر میں صارفین کو بجلی پیداواری لاگت پر مہیا کی جائے گی، آٹے پر بھی سبسڈی دی جائے گی، وزرا اور دیگر کی مراعات کم کی جائیں گی۔چیف سیکریٹری آزادکشمیر، آزادکشمیر حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان راولاکوٹ میں مذاکرات ہو ئے ہیں ۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی اپیل پر اتوار کو بھی بھی احتجاج جاری ر ہا کاروباری مراکز بند، پہیہ جام ہڑتال رہی۔عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک پرتشدد رخ اختیار کرگئی تھی، کشیدگی کے باعث آزاد کشمیر بھر میں انٹرنیٹ سروس گزشتہ رات سے معطل رہی،جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے واضح اعلان کیا تھا کہ جب تک ہمارے مطالبات پر سو فیصد عملدرآمد نہیں ہوگا تب تک شٹر ڈان اور پہیہ جام ہڑتال جاری رہے گی۔