بلوچستان کے لیے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں، وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ترقی کے سفر میں بلوچستان کا بہت اہم کردار ہے  لہذا اس صوبے اور بلوچ بھائیوں کے لیے ہر طرح کے وسائل و خدمت کے لیے حاضر ہیں۔یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ میں وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی منگل کو کوئٹہ کے دورہ کے دوران وزیراعلی بلوچستان ہائوس گئے جہاں وزیراعلی سرفراز بگٹی نے ان کا خیر مقدم کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، صوبے میں امن عامہ کی صورتحال اور دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی امن عامہ کی صورتحال کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبے میں امن عامہ کے لیے تعاون پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لانے جا رہے ہیں۔

محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان میں بہت جلد بین الاقوامی اور قومی میچز ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ 3 ماہ بگٹی اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگائی جائیں گی۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کرکٹ کو بہت پسند کرتے ہیں۔ انہں نے امید ظاہر کی کہ بلوچستان میں جلد کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے۔بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیا لانگو اور وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا بھی اس موقع پر موجود تھے۔۔