گوادر(صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے سمندری امور قیصر احمد شیخ نے گوادر میں فری زون ایگریکلچر انڈسٹریل پارک کا افتتاح کردیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر گوادر آئے ہیں۔
اس دورے کا مقصد گوادر کے میگا منصوبوں کا معائنہ اور زیر تکمیل منصوبوں پر کام کو تیز کروانا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گوادر کے لوگوں کیلئے بہت سے اہم ترین منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچے ہیں۔ ان منصوبوں میں ایران سے ایک سو میگاواٹ بجلی، ڈیمز، ڈی سیلنیشن پلانٹس ، سڑکیں اور ہسپتال شامل ہیں۔
وفاقی وزیرقیصر احمدشیخ نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں گوادر کے منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے خواہاں ہیں اور دوست ملک چین کی معاونت سے فری زون میں ڈی سیلنیشن پلانٹ کی تنصیب ہوچکی ہے جو شہریوں کو یومیہ 12 لاکھ گیلن پانی فراہم کرے گا،ڈی سیلنیشن پلانٹ کے پانی کو شہر سے منسلک کرنے کا کام رہ گیا ہے جو جلد ہوجائے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئیچیئرمین چائنہ اورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کوپک نے کہا کہ اقتصادی رہ داری کے منصوبوں پر پاک چین مثالی کام کر رہے ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل کو دیکھ کر پاک چین دوستی پر فخر محسوس ہوتا ہے۔ افتتاحی تقریب میں چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی پسند خان بلیدی اور چیئرمین چائنہ اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی (کوپک) بھی شریک تھے۔