لاہور(صباح نیوز)وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے پارٹی قائد میاں نواز شریف کے ہمراہ رکن قومی اسمبلی سائرہ افضل تارڑ کی رہائشگاہ کا دورہ کیا اور ان کے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔وزیراعلی مریم نواز اور میاں نواز شریف نے افضل تارڑ مرحوم کیلئے دعائے مغفرت اور فاتحہ خوانی کی،
مریم نواز نے سائرہ افضل تارڑ اور دیگر اہل خانہ کو دلاسہ دیا جبکہ قائد میاں نواز شریف نے سائرہ افضل تارڑ کے سر پر ہاتھ رکھ کر دلاسہ دیا اور صبر کی تلقین کی۔وزیراعلی مریم نواز اور پارٹی قائد نے مرحوم افضل حسین تارڑ کی عوامی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیگی قائد میاں نواز شریف نے کہا کہ افضل حسین تارڑ میرے دیرینہ دوست اور سرگرم پارٹی رکن تھے، افضل تارڑ نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی، دلوں میں رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن خاندان کی طرح ہے، پوری پارٹی افضل حسین تارڑ کی وفات پر رنجیدہ ہے، افضل حسین ایک سچے پاکستانی اور بہترین لیگی کارکن تھے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ مرحوم افضل تارڑ قائد محمد نوازشریف کے بااعتماد، وفاشعار ساتھی اور شفیق بزرگ تھے، آمریت کا دور ہو یا دورِ اقتدار افضل تارڑ ہمیشہ وفادار ساتھی کی طرح پارٹی کیساتھ ڈٹے رہے، ان کی سیاسی اور پارٹی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔