اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال بہت اہم ہے۔ وزیر مملکت سے ایشیا انٹرنیٹ کولیشن کی ممبر کمپنیوں کے نمائندوں نے ورچوئل ملاقات کی ، اس موقع پر ڈیجیٹلائزیشن، سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال اور ڈیجیٹل رائٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایشیا انٹرنیٹ کولیشن (اے آئی سی) کی ممبر کمپنیوں کے نمائندوں نے مینجنگ ڈائریکٹر جیف پین کی سربراہی میں ورچوئل ملاقات کی ، ملاقات میں ڈیجیٹلائزیشن، سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال، ڈیجیٹل رائٹس اور ای سیفٹی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی ۔
ٹیکنالوجی کمپنیوں کے اتحاد ایشیاانٹرنیٹ کولیشن میں دنیا کی بڑی کمپنیاں جیسے فیس بک، ایپل، گوگل، ایمزون، ایکس، یاہو اور متعدد شامل ہیں۔ایشیا انٹرنیٹ کولیشن کی ممبر کمپنیوں کے نمائندوں سے گفتگو میں وزیر مملکت شزہ فاطمہ نے کہا کہ ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، حکومت ڈیجیٹل منتقلی کے لئے پر عزم ہے، وزیر اعظم پاکستان ویژن کے تحت پرائیویٹ سیکٹر کو مکمل سپورٹ فراہم کر رہے ہیں، جلد ہی پبلک پرائیویٹ ڈائیلاگ پلیٹ فارم لانچ کیا جائے گا،مختلف پالیسیوں پر کام جاری ہے۔
شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ان کی ترقی پر توجہ مرکوز ہے، نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لئے انہیں ڈیجیٹل مہارتیں سکھانا بہت ضروری ہے۔وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا کہ سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال بہت اہم ہے۔ ملاقات میں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت آئی ٹی عائشہ حمیرا موریانی، ممبر آئی ٹی سید جنید امام، ممبر ٹیلی کام محمد جہانزیب رحیم بھی موجود تھے ۔