فلسطین اور کشمیر کی آزادی پوری امت کی گردن پر قرض ہے،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ فلسطین اور کشمیر کی آزادی پوری امت کی گردن پر قرض ہے،اسرائیل و ہندوستان کے جنگی جرائم اور انسانیت سوز مظالم تاریخ کے سیاہ باب بن رہے ہیں، عالمِ اسلام کو اپنی آزادی، خودمختاری، خودداری اور عزت و وقار کے لئے امریکہ، یورپ اور ہندوستان کے سحر سے اپنے آپ کو آزاد کرنا ہوگا ۔

لیاقت  بلوچ نے پیرِ طریقت منور شاہ جماعتی اور رابطہ علما و مشائخ پاکستان کے چیئرمین کی دعوت پر تقاریب میں شرکت کی اور غزہ فلسطین کے مفتی ڈاکٹر محمود یوسف محمد سے ملاقات کی اور کِسانوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کی آزادی پوری امت کی گردن پر قرض ہے،طویل مدت سے عالمِ اسلام کی غفلت، کوتاہی اور بزدلی کی وجہ سے فلسطین و کشمیر کے عوام پر قیامت بِیت رہی ہے اور اسرائیل و ہندوستان کے جنگی جرائم اور انسانیت سوز مظالم تاریخ کے سیاہ باب بن رہے ہیں۔ پاکستان کے 25کروڑ عوام مظلوم فلسطینیوں کی ہر طرح سے مدد اور ہر محاذ پر ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہیں، عالمِ اسلام کو اپنی آزادی، خودمختاری، خودداری اور عزت و وقار کے لئے امریکہ، یورپ اور ہندوستان کے سحر سے اپنے آپ کو آزاد کرنا ہوگا۔ عالمِ اسلام دفاعی، اقتصادی اور تعلیم و ٹیکنالوجی کے محاذ پر مشترکہ لائحہ عمل بنائے۔ پاکستان، ترکی، سعودی عرب، ایران، افغانستان، مصر، قطر، عرب امارات، ملائیشیا، اردن، انڈونیشیا اور الجزائر جیسے ممالک کو فوری طور پر سربراہی اجلاس منعقد کرکے عالمِ اسلام کے بحرانوں کے خاتمہ کے لیے جوہری کردار ادا کرنا چاہیے۔ وزیراعظم اور صدرِ پاکستان امریکہ کی نازبرداری کی بجائے عالمِ اسلام کے اتحاد کے لئے کردار ادا کریں،فلسطین پر مضبوط موقف پر مبنی اقدام/سفارتی سرگرمی مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ناگزیر ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ علما و مشائخ سپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل کی تاریخ پر اکٹھے حاضر ہوں اور تحفظِ عقیدہِ ختمِ نبوتۖ اور تحفظِ ناموسِ رسالتۖ  کے لئے ملک گیر یک آواز نمائندگی کی جائے، اسلامی قوانین کی حفاظت کے لیے مسجد، منبر و محراب، مدارس اور خانقاہوں کو فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہوگا، وگرنہ عالمِ اسلام کے خلاف جاری انسانیت دشمن یلغار سب کو ملیامیٹ کردے گی،فلسطین اور کشمیر کی آزادی کی جدوجہد اتحادِ امت کے لئے مضبوط بنیاد ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکمران خودانحصاری کے لیے زراعت کی ترقی کو پائیدار بنانے کی بجائے اِسے تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں، گندم کی بروقت خریداری اور سٹوریج میں لاپروائی اور تاخیر سے گندم کی بیرونِ ملک سمگلنگ کا خدشہ ہے جس سے مستقبل میں گندم کی قلت اور فوڈ سکیورٹی سے جڑے مسائل جنم لیں گے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایڈہاک اِزم پر خبروں کی تشہیر پر لگی ہوئی ہیں اور عوامی مسائل سے دانستہ مجرمانہ غفلت  برت رہی ہیں۔ بجلی، پٹرول، گیس، پانی کے بل اور ہوشربا ٹیکسوں کا بوجھ عوام کے لیے ناقابلِ برداشت ہوگیا ہے ،حکومتیں، پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیاں عوامی مسائل حل کریں، وگرنہ عوامی محرومیاں انتقامی رویوں میں تبدیل ہوجائیں گی۔