لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ منگل 30 مئی کو پنجاب بھر کی شاہراؤں پر جماعت اسلامی کسانوں کے مطالبات کی منظوری کے لیے دھرنے دے گی۔ پاکستان میں گندم کا بحران دن بدن بڑھتا جا رہا ہے، کسانوں کی چیخ و پکار پر بھی پنجاب حکومت کے کانوں پر جوں نہیں رینگ رہی۔
منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے کہنے پر جب سے زراعت پر سبسڈی ختم کی ہے، ہر سال کسانوں پر ظلم کے پہاڑ ٹوٹ رہے ہیں، اس بار نہ صرف گندم کا ریٹ کم رکھا گیا بلکہ خریداری کے مرکز گندم خرید نہیں رہے جس کے باعث کسانوں کو مڈل مین سستے داموں لوٹ رہا ہے ،ایک مافیا ہے جو حکومت کی نااہلی کے باعث گندم کا قحط ہو یا فراوانی ہر دو صورتوں فائدہ اٹھاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کسانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی، حکومت سبسڈی دے کر پوری گندم مارکیٹ سے خریداری کو مکمل کرے تاکہ عوام کے لیے آٹا اور روٹی دسترس میں رہے۔