کراچی/شکارپور (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر ممتاز حسین سہتو نے کہا ہے کہ شہید عبدالحفیظ بجارانی دینی اور دنیاوی طور پر تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود دنیا کی چمک دمک کے دور میں بھی اپنے مظلوم بھائیوں کی خدمت اور رب کی رضا کیلئے زندگی وقف کررکھی تھی، دن رات معاشرے کے مظلوم لوگوں کے ساتھ اور ظالموں کیخلاف سیاسی سماجی طور پر جدوجہد کرتے رہے، ان کی دینی ،عوامی اور تحریکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ سندھ صوبہ آج جس ظلم، ناانصافی اور وڈیرہ شای کے ظلم کی چکی میں پس رہا ہے ان حالات میں شہید عبدالحفیظ بجارانی جیسے لوگوں کی اشد ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے مومنین کی جانیں اور مال جنت کے بدلے خرید رکھی ہیں،مرحوم بھی جنت کے بیوپاری اور اللہ کی رضا کے سپاہی تھے لوگ دولت اور برادری ازم کیلئے لڑتے ہوئے فنا ہوجاتے ہیں لیکن عبدالحفیظ بجارانی دین کی دعوت پھیلاتے ہوئے ابدی زندگی کے راہی ہوگئے وہ ہمیشہ زندہ اور راہ حق کے مسافروں کیلئے نشان منزل ہونگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شکارپور کی جانب سے شہید عبدالحفیظ بجارانی کی یاد میں دعا شادی ہال شکارپور میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز،پروفیسر نظام الدین میمن، مرحوم کے بھائی امداداللہ بجارانی ، معروف عالم دین مولانا رفیع الدین چنا،مولانا عبد الرحمن مگریو،،غلامصطفی میرانی ،ضلعی امیر عبدالسمیع بھٹی،ایڈووکیٹ عبد القادر ابڑو،مفتی عبدالغفور قاسمی اور سول سوسائٹی اور مختلف تنظیموں صحافیوں ،فضل اللہ نورانی ، اللہ بخش میرانزئی،ایڈووکیٹ آصف لقمان ،کامران،علی اکبر زخمی غلام علی گل ڈاکٹر شمس،عبدالغفار بھیو،اور جماعت اسلامی کے کارکنوں کی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ممتاز حسین سہتو نے مزید کہا کہ شہیدعبدالحفیظ بجارانی ایک سنجیدہ ،بردبار اور وسیع نظر تھے اور ہر وقت کارکنان کے درمیان جدوجہد کرتے نظر آتے تھے ،شہید عبدالحفیظ بجارانی ہمہ وقت کارکن،رہنما اور باصلاحیت قائدانہ صلاحیتوں کے مالک تھے۔شہیید عبدالحفیظ بجارانی کی رحلت نے ہمیں خبردار کیا ہے کہ ہم آج کا کام کل پر نہ چھوڑیں اور اللہ کی رضا،جنت کے حصول کیلئے دنیا کو الوداع کرنے سے پہلے اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ کرنے کیلئے ہمہ تن کوشاں رہیں۔
صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعادت کی زندگی اور شہادت کی موت ہر مومن کی دلی تمنا ہوتی ہے،عبدالحفیظ بجارانی کو بھی سعادت کی زندگی اور شہادت کی موت نصیب ہوئی ہے، مرحوم ہر مظلوم کی آواز تھے، چاہے وہ کشمیر،فلسطین،افغانستان یا پھر جیکب آباد اور کشمورکندھ کوٹ کے مظلوم کیوں نہ ہوں،اللہ تعالیٰ شہید کی سیاسی،سماجی اور دینی خدمات کو قبول فرمائے۔وہ ضلع جیکب آباد اور کشمور کندھ کوٹ کے مظلوم عوام کی دلوں میں بستے تھے اور تھانے کچہری سے لیکر سرداروں اور وڈیرں کے سامنے ہمیشہ حق کی آواز بلند کرتے رہے اورمعاشرے کے پسے ہوئے لوگوں کی حقیقی ترجمانی کی،مرحوم اپنی سیاسی،سماجی خدمات کی عیوض عوام کی دعائوں میں ہمیشہ کیلئے امر ہوچکے ہیں ان سے عوامی محبت کا ثبوت نمازہ جنازہ میں ہزاروں کی تعداد میں علاقے کے عوام کی شرکت ہے، وہ غریب اور مظلوم عوام کے حقیقی معنوں میں دلوں کے سردار تھے۔ جماعت اسلامی سندھ ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی ان کا چھوڑا ہوا خلا پر کرنا بہت مشکل ہے