بھارتیہ جنتا پارٹی نے کشمیری عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ادے بھانو چِب


سری نگر— مقبوضہ جموں و کشمیر میں یوتھ کانگریس کے رہنما ادے بھانو چِب نے کہاہے کہ  بھارتیہ جنتا پارٹی نے کشمیری عوام کو دھوکہ دیا ہے۔

ادے بھانو چِب نے جموں میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کو اس کی بدانتظامی اور جھوٹے وعدوں پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی قیادت جھوٹی خبریں پھیلانے میں سب سے آگے ہے اور اس نے کشمیری عوام کو درپیش مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔انہوں نے ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، متنازعہ زرعی بل، بے تحاشہ مہنگائی اور جمہوری اداروں کو لاحق خطرات سمیت لوگوں کو درپیش مشکلات پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

دریں اثنا کانگریس کے سابق وزیر رمن بھلہ نے ریاسی کے علاقے مہورمیں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی پرشدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ یہ تقسیم اور آمرانہ حکمرانی کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے خاص طور پر جموں و کشمیر میں لوگوں کو دھوکہ دیا اوران سے جھوٹے وعدے کئے۔