پی بی 50 ،پشتونخوا ملی عوامی پارٹی پاکستان کے امیدوار کا 5 پولنگ سٹیشنز کے عملے کو اغواکرنے کا الزام


 قلعہ عبد اللہ (صباح نیوز)بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 50 قلعہ عبداللہ سے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی پاکستان  کے امیدوار میر وائس اچکزائی نے 5 پولنگ سٹیشنز کے عملے کو اغوا کرنے کا الزام لگا دیا۔

میر وائس اچکزئی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ 5 پولنگ اسٹیشنز کے عملے کو گزشتہ شب اغوا کیا گیا ہے، خدشہ ہے کہ مزید پولنگ سٹیشنز کے عملے کو بھی اغوا کیا گیا ہو۔انہوں نے کہا کہ ملزمان عملے کے ساتھ بیلٹ پیپرز اور دیگر انتخابی سامان کو بھی ساتھ لے گئے، صورتحال سے چیف الیکشن کمشنر اور متعلقہ حکام کو آگاہ کیا ہے۔میر وائس اچکزئی نے مطالبہ کیا کہ انتخابی عملے کو بازیاب کرکے انہیں تحفظ فراہم کیا جائے۔