اسلام آباد(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ نے سید یوسف رضا گیلانی کوپاکستان کے سینیٹ کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی حمایت جاری رکھے گا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے نومنتخب چیئرمین سینیٹ کے نام لکھے گئے ایک خط میں کہا کہ اس اہم ذمہ داری پر آپ کی تقرری آپ کی اعلی سیاسی ساکھ کے ساتھ ساتھ آپ کی جماعت کی سیاسی مفاہمت کی پالیسی کے لیے وسیع حمایت کا مظہر ہے جس میں پاکستان کو درپیش سماجی اور معاشی چیلنجوں سے موثر طریقے سے نمٹنے پر زوردیاگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ آپ کی متحرک قیادت میں پاکستان ترقی کرتا رہے گا اور کامیابی کی نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔ محمود ساغرنے جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود ہر مشکل گھڑی میں ہمیشہ ہمارے ساتھ کھڑی رہی ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے غیر قانونی انضمام کے تناظر میں پاکستان کا کردار اور ذمہ داریاں کئی گنا بڑھ گئی ہیں۔
بی جے پی حکومت کی جانب سے 2019میں جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت کے خامتے کے بعد سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں تمام بنیادی آزادیاں معطل ہیں۔ہم امید کرتے ہیں کہ تنازعے کا ایک اہم فریق ہونے کے ناطے پاکستان اس دیرینہ تنازعہ کے جلد اور خوش اسلوبی سے حل کے لیے کوششیں جاری رکھے گا جس کے لئے کشمیریوں کی تین نسلوں نے قربانیاں دی ہیںاور اب چوتھی نسل کی بقا کوخطرہ لاحق ہے۔ حریت رہنما نے امید ظاہر کی کہ یوسف رضا گیلانی کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں گے۔