جموں : مقبوضہ جموں و کشمیر میں انڈین نیشنل کانگریس نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کرنے پر بھارتیہ جنتاپارٹی(بی جے پی) کی بھارتی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت نے جموںوکشمیر کا ریاستی درجہ ختم کر کے کشمیریوں کی توہین کی ہے
انڈین نیشنل کانگریس مقبوضہ جموں وکشمیر شاخ کے قائمقام صدر رمن بھلا نے راجوری کے علاقے سندر بنی میں عوامی اجتماعات خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت نے جموںوکشمیر کا ریاستی درجہ اور علاقے کے لوگوں کے حقوق چھین کر شدید دھوکہ دہی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے کے لوگوں کو روزی روٹی سے محروم کر دیااور کسانوں کی زمینیں چھین لیں، مہنگائی عروج پر ہے اور بے روزگاری نے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے جموںوکشمیر کا ریاستی درجہ ختم کر کے کشمیریوں کی توہین کی ہے ۔ کشمیری گزشتہ پانچ برس سے زائد عرصے سے اسمبلی انتخابات سے محروم ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی علاقے میں اس لیے اسمبلی انتخابات نہیں کر ا رہی کیونکہ اسے شکست کا خوف لاحق ہے۔ رمن بھلا نے کہا کہ کشمیری ریاستی درجے کا حق واپس لے کر رہیں گے۔