بدقسمتی سے ملک کے وسائل پر مافیازقابض ہیں،مولاناعبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ سابقہ حکومتوں کے نقش قدم پر چل کرنئے حکمرانوں نے بھی کرپشن میں مزید ترقی کرلی ۔ بھاری سودی قرضے 31ہزار ارب سے 50ہزار ارب تک پہنچ گیا۔ بدقسمتی سے ملک کے وسائل پر مافیازقابض ہیں جس کی وجہ بدعنوانی لوٹ مار جاری اور وسائل ہڑپ ہورہے ہیں۔ ملک میں غریب کیلئے کوئی انصاف ،روزگاراورعزت نہیں ۔ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر ،بدعنوانی ،قرضوں کا حصول عروج پر جس کی وجہ سے عوام پریشان ملک کا مستقبل دائوپر لگ گیا ہے ۔بدعنوانی ،حکومتی بے حسی اور ملازمین کے ہڑتالوں کی وجہ سے بلوچستان میں تعلیم وصحت سمیت دیگر شعبے تباہ ہوگئے ہیں ۔

اپنے جاری بیا ن میں انہوں نے کہاکہ کہ ان سب حالات کے باوجود حکومت واپوزیشن دونوں غفلت کا شکار ہوکر فرینڈلی میچ کھیل رہی ہیں۔قوم کو کرپشن وکمیشن مافیازکی پاکستان قبول نہیں۔ حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف کا اصطبل بنا دیا۔ آئی ایم ایف کے نمائندے سٹیٹ بنک اور ملک کے خزانہ پربراجمان ہیں۔ جان بوجھ کراہل بلوچستان کو حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ حکومت نے گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں عوام کا خون نچوڑنے کیساتھ بدعنوانی وقرضوں میں بدترین اضافہ کر دیا  موجودہ حکومت نے بجلی کا ٹیرف 13سے 16روپے فی یونٹ تک کر دیا۔ چینی کی قیمت میں تین سالوں میں 50 سے 150روپے، پٹرول 80سے 150روپے فی لیٹر اور آٹا 40سے 70روپے فی کلو تک پہنچ گیا۔ آئی ایم ایف کی حکومت نوجوانوں اور عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنا سکتا۔ اب ملک کو اسلامی نظام ہی بچا سکتا ہے۔ پرامن اسلامی انقلاب کے لیے جماعت اسلامی واحد آپشن ہے، اگر قوم پاکستان کو ترقی یافتہ، خوشحال اور پرامن پاکستان دیکھنا چاہتی ہے تو جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔  حکمران طبقہ نے تعلیمی نظام کو طبقاتی بنایا ہوا ہے تاکہ قوم کو نسلی اور علاقائی تعصبات پر تقسیم کر کے اپنا الو سیدھا رکھیں۔ آج بھی ملک کے ہزاروں سکول بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ بلوچستان میں شرح خواندگی تیس فیصد سے بھی کم ہے۔ غربت اور مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی یکساں تعلیمی نظام لائے گی اور ملک کو کرپشن فری بنایا جائے گا۔ اب باریاں لینے کا وقت ختم ہو چکا اور یہ کھیل مزید نہیں چل سکتا۔ پاکستان کوقومی اوربین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ سے نجات دلانے کے لیے نوجوان جماعت اسلامی کا ساتھ دیں#