سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس نے تنازعہ کشمیر کو اس کے تاریخی تناظر میں کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی کی ہندوتوا بھارتی حکومت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کیلئے فوجی طاقت کا وحشیانہ استعمال کر رہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیریوں کی املاک چھیننا، انہیں زمینوں سے بے دخل اور ملازمتوں سے برطرف کرنا مودی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری آبادکاری کی نوآبادیاتی مہم کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوتوا بھارتی حکومت علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے بھارت ہندوں کو لا کر مقبوضہ علاقے میں آباد کر رہی ہے ۔ترجمان نے کہا کہ کشمیری گزشتہ 76برس سے بھارتی جبر و استبداد، سازشوں اور ریشہ دوانیوں کا پامردی سے مقابلہ کر رہے ہیں ، انکا جذبہ آزادی مضبوط و مستحکم ہے اور وہ اپنی تحریک کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن و ترقی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری امن پسند لوگ ہیں اور وہ صرف اور صرف تنازعہ کشمیر کا اپنی خواہشات کے مطابق حل چاہتے ہیں۔
ترجمان نے حریت رہنماؤں ، کارکنوں اور جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند دیگر کشمیریوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ نظر بندوں کی رہائی کیلئے کردار ادا کرے۔انہوںنے اقوام متحدہ پر بھی زوردیا کہ وہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری استعماری اقدامات کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اس پر دبا ڈالے۔