مظفر آباد(صباح نیوز)مہاجرین جموں و کشمیر1989 نے اعتماد میں لئے بغیر محکمہ بحالیات حکومت آزاد کشمیر کے آبادکاری فیصلوں کو مسترد کردیا ہے۔ حکومت آزاد کشمیر بہت ہی سنجیدگی اور گہرا ئی سے مہاجر کشمیر کے مسائل کاجائزہ لے اور انہیں حل کرے۔
ترجمان متحدہ جہاد کونسل سید صداقت حسین کے مطابق ان خیالات کا اظہار حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیرمین سید صلاح الدین احمد نے ذرا ئع ابلاغ کے نام جاری اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔
سید صلاح الدین نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر آبادکاری کے حوالے سے ایسے فیصلے نہ کرے جن کی وجہ سے مہاجرین کے اندر مایوسی اور بد اعتمادی کی فضا پیدا ہونے کا اندیشہ ہو۔ ایک طرف نریندرمودی 40لاکھ سے زائد بھارتی شہریوں کو غیر قانونی طور پر ریاست کے ڈومیسائل جاری کرکے ریاست کے مسلم تشخص کو مٹانے کے درپے ہے تو دوسری طرف یہاں مہاجرین کے آٹھ ہزار خاندان آزاد کشمیر میں ڈومیسائل اور دیگر سہولیات سے محروم رکھے جا رہے ہیں۔
جہاد کونسل کے سربراہ نے واضح کیا کہ حکومت آزاد کشمیر مہاجرین کی باعزت آبادکاری، ڈومیسائل، مہاجرین بستیوں کے حقوق ملکیت اور دیگر مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کرکے ان اقدامات کو قانونی اور آئینی تحفظ بھی فراہم کرے۔مہاجرین کشمیر نے تحریک آزادی کشمیر کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور اس وقت بھی قربانیوں کی ایک مثال بنے ہوئے ہیں