جموں: بھارت کے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے نوجوان ہونہار اور قابل ، ذہین ہے جن کو سیاسی جماعتوں نے اپنے مفاد کی خاطر غلط راستے پر چلایا تھا تاہم آج کا نوجوان سمجھ رہا ہے کہ صحیح راستہ کونسا ہے اور کون سی جماعت صحیح ٹریک پر جارہی ہے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انوراگ ٹھاکر جموں پہنچے جہاں ریاستی بی جے پی لیڈروں نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد انوراگ ٹھاکر بذریعہ سڑک ادھم پور روانہ ہوگئے۔ ادھم پور میں انہوں نے مرکزی وزیر اور بی جے پی امیدوار ڈاکٹر جتیندر سنگھ کی حمایت میں مہم چلائی،ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انوراگ ٹھاکر نے دعوی کیا کہ مودی حکومت نے جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے بہت سی اسکیمیں شروع کیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ جموں و کشمیر کو پچھلی حکومتوں نے دہشت گردی کا گڑھ بنا رکھا تھا۔ ریاست میں دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کی وجہ سے 45 ہزار سے زیادہ لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو ہٹا کر ریاست میں ترقی کی نئی جہتیں قائم کیں۔ جموں کشمیرکو ایک ماڈل یوٹی کے طور پر ترقی دی جائے گی ۔