مقبوضہ کشمیرمیں قابض حکام کی عوام دشمن پالیسیوں، بجلی کی بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرے


سرینگر:مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف سرینگر، کپواڑہ اور بارہمولہ اضلاع میں لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے ۔ سرینگر میں محکمہ بجلی کے ملازمین نے بی جے پی حکومت کی طرف سے معطل کیے گئے اپنے ساتھیوں کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے خاموش احتجاج کیا۔

یہ احتجاج محکمہ بجلی میں اپنے ساتھی کارکنوں کے ساتھ ہندوتوا حکومت کے سلوک کے حوالے سے بڑھتے ہوئے عدم اطمینان کی نشاندہی کرتا ہے۔ضلع کپواڑہ کے علاقوں لولاب، تریہگام اور ہندواڑہ میں لوگوں نے بجلی کی بارباربندش کے خلاف احتجاج کیا جس سے انہیں خاص طور پر رمضان کے مقدس مہینے میں انتہائی پریشانی کا سامنا ہے۔ وہ حکام کی جانب سے بجلی کے مستقل شیڈول پر عمل درآمد میں ناکامی سے مایوس ہیں۔

بجلی کی مسلسل بندش کے باعث مقامی لوگوں میں شدید غم وغصہ پایاجاتا ہے ،اسی طرح ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی میں لوگ خاص طور پر سحری اور افطار ی کے اوقات میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش سے سخت پریشان ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ بھاری بلوں کی ادائیگی کے باوجود ہمیںبجلی کی باربار بندش کا سامنا ہے جس سے ہماری مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ضلع کے علاقے نامبلہ میں بھی لوگوں نے بھاری بلوں اور بجلی کی بندش کے خلاف احتجاج کیا۔۔