مظفرآباد(صباح نیوز) ون ویلنگ،سڑک حادثات میں تین نوجوان زندگی کی بازی ہار گئے۔دو شدید زخمی،زخمیوں میں سے بھی ایک کی حالت تشویشناک،تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ون ویلنگ اور تیز رفتاری کی وجہ سے تین نوجوان موٹر سائیکل سوار جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جن میں راڑو امبور کے رہائشی اکبر گیلانی کے جواں سالہ فرزند،عاصم گیلانی کے بھائی ازان گیلانی، اسی طرح محمد یونس اپر گوجرہ والے کا نواسہ،عبداللہ کشمیری کا نوجوان بیٹا شکران ون ویلنگ کے شوق کی بھینٹ چڑھ گیے،
نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا،نماز جنازہ میں رقت آمیز مناظر سامنے آئے،عوام الناس نے شہر بھر میں مکمل جنرل ہولڈ اپ کرتے ہوئے بغیر ہیلمٹ،بغیر کاغذات،نوعمر موٹر سائیکل سواروں کو پکڑ کر موٹرسائیکل ضبط کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ون ویلنگ کا شوق رکھنے والوں کے لیے ٹریک مختص کیا جائے جس کے لیے ائیرپورٹ کی اراضی موجود ہے جہاں ایسے شوقین بچوں کو اپنے شوق کو پورا کرنے کے مواقعے مہیا کیے جائیں اور ضروری حکمت عملی طے کرتے ہوے ان کی رجسٹریشن مناسب فیس مقرر کی جائے۔
سول سوسائٹی اور عوامی حلقوں کا کہنا تھا کہ عام شاہرات پر یہ ون ویلر اپنی جان سے تو جاتے ہی ہیں دیگر راہگیروں اور گاڑیوں والوں کیلیے بھی باعث مصیبت و اذیت بنے رہتے ہیں،خاص کر زوالفقار علی بھٹو برج،اپر طارق آباد،جہلم ویلی سری نگر ہائی وے، ویسٹرن بائی پاس پر ایسے ون ویلر نے اودھم مچا رکھا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک ہولیس بھی عاجز آ چکی ہے،انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ان شاہرات پر سی سی ٹی وی کیمراز نصب کرنے کے علاوہ ایسے ون ویلرز کے والدین کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں۔