اسلام آباد(صباح نیوز) وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہاہے کہ ٹی ٹی پی کی بات ہم سننے کوتیار ہیں مگر پاکستان کی سالمیت سے ٹکرانے والوں سے ٹکرایا جائیگا۔ سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 15 اگست سے لے کر اب تک دہشت گردی کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، بھارتی ایجنسی را دہشت گردی کے لیے پاکستانی کرمنلز کو استعمال کر رہی ہے، اب تک راولپنڈی اسلام آباد میں 10 پولیس والے ٹارگٹ ہوئے 2 دہشت گرد پکڑے گئے، داسو اور گوادر واقعات میں گرفتاریاں کی ہیں، فیصلے عدالتوں نے کرنے ہیں، ہمیں دہشت گردی کے خلاف ایک بیانیہ بنانا چاہیے، خوشی ہے کہ اپوزیشن بنچز بھی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں، دہشت گردی کے مقِابلے میں ہم اپوزیشن کے ساتھ ہیں۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ بھارت کبھی نہیں چاہتا کہ پاکستان اور طالبان کے بہتر تعلقات ہوں، اب دہشتگردوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، ہم ٹی ٹی پی کی بات سننے کے لئے تیار ہیں لیکن پاکستان کی سالمیت سے ٹکرانے والوں سے ٹکرایا جائے گا، افواج پاکستان دہشتگردی سے نمٹ رہی ہے، جہاں کوئی سر اٹھاتا ہے وہاں ایکشن لیا جاتا ہے، پاکستان اپنی سالمیت پر حرف نہیں آنے دے گا، ملک میں کسی قیمت دہشتگردی کی اجازت نہیں دیں گے۔ افغان طالبان نے بتایا ہے ہماری سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔ افغانستان کے ساتھ 20 کلومیٹرابھی باڑلگانا رہتی ہے، بھارت نہیں چاہتا پاکستان اورایران کے درمیان تعلقات بہترہوں، نئی دہلی کو افغانستان میں بہت بڑی شکست ہوئی۔ مہاراشٹر، یوپی ،اتر پردیش میں مسلمانوں کی گردنیں کاٹی جا رہی ہیں۔
اپوزیشن سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مدارس کو دین کا قلعہ سمجھتا ہوں، یہ ایوان کے اندر اور باہر جا کر تقریریں اور کرتے ہیں، اگر باہر نکلا تو زیادہ خطرناک ہونگا اور کیا کہا، ان سب لوگوں کو افغانستان کے صوبے کنڑ، نورستان کی صورتحال کا بہتر پتا ہے،شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میرے بارے میں اپوزیشن جو مرضی کہے، سیاست چلتی رہتی ہے، ہمارا کام ان کو سمجھانا ہے، دہشتگرد کسی کا نہیں ہوتا، بے نظیر کی منت سماجت کی کہ اسلام آباد میں جلسہ نہ کریں، فضل الرحمان اور مجھ پر بھی دہشت گردی کے حملے ہو چکے ہیں، میں کووڈ کے خطرے کا نہیں کہتا، بلکہ 23 مارچ کو او آئی سی کے لئے ساری دنیا سے 100 سے زائد ممالک کے سربراہ آرہے ہیں، اور راستے بند ہوں گے، اس دن فون بند ہوں گے سگنل بند ہوں گے اپوزیشن کا شام کو ٹی وی پر شو کیسے چلے گا، ان سے گزارش ہے کہ 23 کے بعد 27 مارچ کو آجائیں، میں ڈرا نہیں رہا شوق سے یہ آجائیں،23مارچ کو آدھا اسلام آباد کسی اور کے کنٹرول میں ہو گا، جیمرز لگے ہوں گے۔
لاہور دھماکے سے متعلق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 11 جنوری سے نئی بی این اے تنظیم بن گئی ہے۔ جوہر ٹاون میں ہونے والے حملے میں تین دہشتگردوں کو سزا ہوچکی ہے، را نے پاکستان کے کریمنل کو پیسے دے کرانگیج کیا۔وزیر داخلہ نے کہاکہ ہر بڑی پارٹی کے اصل لیڈر نے صدارتی نظام میں کام کیا، 42 ملکوں کیساتھ ہمارے پڑوس میں لڑائی ختم ہوئی، آخری دم تک عمران خان حکومت چین کیساتھ دوستی نبھائے گی، ، جتنا ملک عمران اتنا ہی اپوزیشن کوبھی عزیزہے