کراچی (صباح نیوز) الخدمت کراچی کے شعبہ آرفن کیئر پروگرام کے تحت کراچی کے یتیم باہمت بچوں کی 5 روزہ عید شاپنگ کا اتوار سے آغاز ہوگیا،معروف مقامی ڈپارٹمنٹل اسٹور میں پہلے روز 700باہمت بچوں کو عید کی شاپنگ کروائی گئی
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت ملک بھر میں 30ہزار سے زائد بچوں کی کفالت کر رہی ہے، جبکہ کراچی میں 2200باہمت بچوں کی ان کے گھروں پر کفالت کی جا رہی ہے۔الخدمت نے انہیں ایک موقع فراہم کیا ہے کہ یہ بھی عام بچوں کی طرح شاپنگ کریں تاکہ انہیں عیدپر کسی قسم کا احساس محرومی نہ ہو۔ فلسطین میں اسرائیلی مظالم میں 31ہزارسے زائد فلسطینی شہد کیے جا چکے ہیں جن میں 13ہزار بچے ہیں۔رمضان میں فلسطینی بچوں کو بھی یاد رکھا جائے۔ اس موقع پر سیکریٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان وقاص انجم جعفری،ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی،ڈائریکٹرآرفن کیئر پروگرام یوسف محی الدین،ڈائریکٹر بنو قابل پراجیکٹ سلمان شیخ ودیگر ذمہ داران موجود تھے۔اس موقع پر بچوں نے عید کی شاپنگ کی۔ان کے چہروں پر خوشی دیدنی تھی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یہ بچے عام نہیں،یہ وہ بچے ہیں جن کی کفالت پر اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے جنت کی بشارت دی ہے ،آپ صلی اللہ علیہ وسلم خود یتیم تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یتیموں کی کفالت ایک منفرد پروگرام ہے،ہرسال اس کا دائرہ وسیع ہورہا ہے۔آرفن کیئر پروگرام کے پورے شہر میں 11کلسٹرز کام کر رہے ہیں،بچوں کو پروگرام میں رجسٹرڈ کرکے یونہی چھو ڑ نہیں دیا جاتا بلکہ ان کی مکمل دیکھ بھال کی جاتی ہے۔ ملک بھرمیں الخدمت کے 20 اسٹیٹ آف دی آرٹ آغوش ہوم ہیں،گلشن معمار میں بھی ایک آغوش ہوم موجود ہے۔الخدمت نے سوسائٹی سے یتیم خانے کا تصور ختم کردیا۔ان آغوش ہومز میں یتیم بچوں کو بورڈنگ ہاؤس طرز کی جدید سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں،ان بچوں کو کھانے،پینے،صحت، تعلیم اور تفریح کے ساتھ ساتھ بہترین تربیت بھی کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا یہ سارا عمل ڈونرز کے تعاون سے جاری رہتا ہے ،مخیرحضرات اور معاشرہ کے تمام افراد سے کہتا ہوں کہ وہ الخدمت کے اس منفرد پروگرام میں اس کا ساتھ دیں۔ وقاص انجم جعفری نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت 9ملین بچے یتیم ہیں،15رمضان کو عالمی سطح پر ”یتیم بچوں” کا دن منایا جاتا ہے،جس کامقصد معاشرے کی توجہ ان یتیم بچوں کی جانب مبذول کروانی ہوتی ہے تاکہ ان کی کفالت کی ذمہ داری انجام دیں،پاکستان کے ہر یتیم بچے کو اس کے گھر کی دہلیز پر سہولتیں پہنچانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الخدمت اب تک 65کروڑ روپے کا امدادی سامان فلسطینی مظلوم بہن بھائیوں کو غزہ بھجوا چکی ہے۔اس سامان میں آٹا،راشن،دوائیاں،بچوں اور خواتین کی اشیا شامل تھیں۔ یہ سامان 6طیارے اور ایک بحری جہاز کے ذریعے بھجوایا جا چکا ہے،مز ید سامان جلد کراچی سے بھجوایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اہل کراچی نے کھلے دل سے فلسطینیوں کا ساتھ دیا۔فلسطینی آج مشکلات کا شکا ر ہیں دنیا میں اس سے بڑی کوئی اور جنگ نہیں جہاں اتنی بڑی تعداد میں بچے شہید کیے گئے ہوں۔ وقاص انجم جعفری نے کہا کہ ہم نے الخدمت کے تحت کراچی سے پشاور تک فلسطینی طلبہ کی نشاندہی کی ہے،حالات کی وجہ سے فلسطین سے ان کی مدد نہیں آر ہی۔ ہم ان کی بھرپور مدد کریں گے۔ انہیں پڑھائیں گے۔انہوں نے کہا کراچی میں بڑی تعداد میں عید شاپنگ کر تے ہوئے بچوں کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ بعدازاں حافظ نعیم الرحمن نے ڈپارٹمنٹل اسٹور کا دورہ کیا اور شاپنگ کرنے والے بچوں سے ملاقات کی۔#