10ماہ رمضان المبارک کو یوم باب الاسلام سندھ بھر میں بھرپور جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جائے گا،محمد حسین محنتی



کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے تحت 10ماہ رمضان المبارک کو یوم باب الاسلام سندھ بھر میں بھرپور جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جائے گا،

صوبائی اعلامیہ کے مطابق 10رمضان المبارک کو یوم باب الاسلام کے حوالے سے کراچی تا کشمور سندھ بھر میں جلسے مذاکرے اور سیمینار منعقد کئے جائیں گے، جن سے ممتاز دانشور، علمائے کرام سمیت جماعت اسلامی کے مرکزی، صوبائی و مقامی قائدین فاتح سندھ محمد بن قاسم کے ناقابل فراموش کردار پر اظہار خیال کریں گے

صوبائی امیر محمدحسین محنتی نے کہا ہے کہ باب الاسلام سندھ کے عوام محسن سندھ محمد بن قاسم کوکبھی بھی نہیں بھولیں گے، جنہوں نے ایک مظلوم بہن کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے اہلیان سندھ کے دل جیت لئے اورسندھ کو باب الاسلام ،امن آشتی کا گہوارہ بنایا۔صوبائی امیر نے زوردیاکہ عوام یوم باب الاسلام کی تقریبات میں بھرپور شرکت کرکے سندھ سمیت پاکستان کو حقیقی معنی میں اسلام کا مرکزومحوربنانے کا عزم کریں۔

دریں اثنا امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی،نائب امیرممتازحسین سہتوجنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ اورسیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا سیکرٹری زراعت حکومت سندھ سید اعجازشاہ کی والدہ کی وفات پردلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت درجات بلندی اورپسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔صوبائی امیرنے معروف شاعر نظرفاطمی کی اہلیہ کی وفات پرتعزیت کا اظہار کیا ہے۔