سری نگر(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کو حل کرنے سے بھارت کے انکارنے کشمیری عوام کے سیاسی اور قانونی حقوق اور پورے جنوبی ایشیا کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے جس کے مستقبل کا فیصلہ بین الاقوامی نگرانی میں رائے شماری کے ذریعے کشمیری عوام کو کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت وحشیانہ ہتھکنڈوں کا سہارا لے کر کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو نہیں دباؤ سکتا کیونکہ وہ بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد کے لئے پرعزم ہیں۔ترجمان نے بھارتی رہنماؤں کی جارحانہ بیان بازی کی مذمت کی جس سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرہ ہے۔
انہوں نے آزادی کا مطالبہ کرنے پرکشمیریوں پر ہندوتوا بی جے پی کے رہنماؤں کے بے بنیاد الزامات کا حوالہ دیتے ہوئے ان کو علاقائی استحکام کے لیے خطرہ قراردیا۔منہاس نے بی جے پی کے کٹھ پتلی منوج سنہا کے امن اقدامات کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں محض سیاسی ڈرامہ قراردیا جو تاریخی حقائق یا کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارتی فوج اور ہندوتوا لیڈروں کے اشتعال انگیز بیانات خطے میں کشیدگی کو بڑھا سکتے ہیں۔حریت ترجمان نے حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں کی جائز جدوجہد کو دبانے کے لیے بھارت کی جانب سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کو اجاگرکرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ہتھکنڈے کشمیریوں کو ان کی جائز جدوجہدسے نہیں روک سکتے۔
انہوں نے فسطائی نریندر مودی کے غیر جمہوری اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل پر منحصر ہے۔بیان میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہندوتوا بی جے پی-آر ایس ایس کے تفرقہ انگیز ایجنڈے کو ناکام بنانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔ ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت پر دباؤڈالے۔