مودی جعلی اعلانات اور اچھل کود سے کشمیریوں میں بھارت کے لیے محبت پیدا نہیں کر سکتے ۔محمد زاہد صفی

شیخوپورہ(صباح نیوز) حریت راہنما محمد زاہد صفی نے پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں کشمیر کانفرنس میں شرکت کرتے ہوئے جدوجہد آزادی اور مقبوضہ جموں کشمیر کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے عزم کو توڑنے،حوصلوں کوشکست دینے اور لالچ کے ذریعے ا پنی اندھی طاقت کے سامنے جھکانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔لیکن بھارت ہر دور کی طرح اب کی بار بھی ناکام و نامراد ہوگا۔ 5اگست کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات کے بعد بھارتی فاشسٹ وزیر اعظم نریندر مودی کا یہ پہلا کشمیر کا دورہ ہے۔

حریت کانفرنس کے سینئر راہنما محمد زاہد صفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں آ ج اس موقع  پرقائد انقلاب سید علی گیلانی کے یہ الفاط دہرا ں گا کہ “اگر بھارت یہاں کی سڑکوں پر تارکول  کے بجائے سونا بچھا دے گاتب بھی کشمیری اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوگا”  یہ جدوجہد جاری رہے گی اور حصول مقصد تک جاری رہے گی۔زاہد صفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ دفعہ 370اور35Aکے خاتمے کے بعد کشمیر ایک انتہائی کربناک اور تاریخ کے تاریک ترین دور میں داخل ہوچکا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم کے جعلی اعلانات اور اچھل کود سے کشمیریوں کے دلو ں کے اندر بھارت کی محبت پیدا نہیں کی جاسکتی۔ہر اک کشمیری جانتا ہے کہ بھارت اشرافیہ بالعموم اور بھارتی جنتا پارٹی باالخصوص کشمیری مسلمان کو صفہ ہستی سے مٹانا چاہتی ہے۔

ایک طرف بھارت کشمیریوں کی تاریخ ختم کرنے، شناخت چھین لینے اور زمینوں پر قبضہ جمانے کی سعی مسلسل کررہا ہے۔ دوسری جانب گجرات کا قصائی سری نگر میں بندوق کے سہارے کھڑا ہوکرکشمیر یوں سے محبت کا راگ الاپ رہا ہے۔  یہ چانکیائی پالیسی کا بھرپور عملی مظاہرہ ہے۔ لیکن ہم برملا یہ کہیں گے کہ بھارتی کی چانکیائی پالیسی  پہلے کبھی کشمیر میں کامیاب ہوئی ہے نہ آ ئندہ اس کی کسی کو امید رکھنی چاہے۔ کشمیر ایک مسئلہ ہے جتنا جلد اس حقیقت کا ادراک کیا جائے گا ا تنا ہی اس علاقے کی سلامتی کے لیے بہتر ہوگا۔