کراچی (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے پیپلز پارٹی صوبے میں مسلسل چوتھی بار حکومت کرنے کے ساتھ ساتھ کراچی کی میئر شپ پر بھی قابض ہے لیکن صوبائی حکومت تاحال تمام اختیارات پر قبضہ جمائے ہوئے ہے اور بلدیاتی اداروں کو اختیارات منتقل نہیں کر رہی اس لیے وہ ہی شہر کے برساتی نالوں کی صفائی کی ذمہ دا ر ہے ، کلک پروجیکٹس میں اربوں کی کرپشن کی گئی جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ساری سڑکیں گزشتہ بارش میں بہہ گئیں ، حالیہ بارش میںجماعت اسلامی نے تمام کارکنان اور الخدمت کے رضا کاروں کو اپنے 9ٹائونز میں بلا تفریق رنگ و نسل شہریوں کوریلیف سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں اور اس حوالے سے الخدمت اور جماعت اسلامی کے دفاتر کو رین ایمرجنسی مراکز میں تبدیل کر دیا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دھاندلی زدہ انتخابات، سیٹوں پر قبضے، عوامی مینڈیٹ کی توہین اور بارش میں شہریوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان،نائب امیر کراچی راجہ عارف سلطان،رکن سٹی کونسل قاضی صدر الدین،نائب صدرپبلک ایڈ کمیٹی عمران شاہداورسکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، سوشل میڈیا کے انچارج سلمان شیخ بھی موجود تھے ۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ اس وقت ملک میں عجیب تماشہ جاری ہے ، جن امیدواروں کو لوگوں نے مسترد کردیا وہ حلف اٹھارہے ہیں دوسری طرف ویڈیو لیکس میں کامران ٹیسوری اور مصطفی کمال اعتراف جرم کر رہے ہیں ،فارم 47کی بنیاد پر انجینئرنگ میں الیکشن کمیشن سر فہرست رہا ہے ، فارم 45کے بجائے جعلی فارم 47پر نتائج جاری کرکے جمہوریت کا جنازہ نکالاگیا اس طرح حکومتیں نہیں چلا کرتیں،جو جعلی طریقے سے جیتے وہ پریشان اور جتوانے والے اُن سے بھی زیادہ پریشان ہیں،ہم مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی اور ایم کیوا یم کو چیلنج کرتے ہیں کہ وہ اوریجنل فارم 45لے کر آئیں اور ہم جانتے ہیں کہ ان کے پاس فارم 45موجود ہی نہیں ہیں ، کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کو 8لاکھ ووٹ دیے جسے صرف 1نشست دی گئی جبکہ ایم کیوا یم نے صرف ڈیڑھ لاکھ ووٹ لیے اسے 15قومی اور 25صوبائی اسمبلی کی نشستیں دے دی گئیں ۔یہ الیکشن کمیشن کا اصل چہرہ اور ملک کا گلا سڑا نظام جس کی بنیاد پر عوام کی تذلیل کی گئی ۔کراچی کی گلیوں ، چوکوں اور چوراہوں پر اب شہری بتائیں گے کہ ریجیکٹڈ پارٹیوں کو مسلط کرنے کا عمل درست فیصلہ نہیں ہے، حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ انٹر سال اول کے طلبہ کو گریس مارکس دے کر احسان کرنے کی ضرورت نہیں ، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نتائج کوکالعدم قرار دیں اور بارہویں جماعت کے نتائج کی بنیاد پر گیارہویں جماعت کے نتائج جاری کیے جائیں ، گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے جب کہ کہا گیا تھا
کہ 31جنوری کو لوڈ شیڈنگ ختم کردی جائے گی ، دوسری طرف کے الیکٹرک مافیا کو مزید سپورٹ فراہم کر کے طاقت ور بنایا جارہا ہے ،اسی لیے کے الیکٹرک کے لائسنس کی مدت کو بڑھادیا گیا ہے ، بتایا جائے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس کس کارکردگی کی بنیاد میں بڑھا گیا ہے ، 19سال میں کون سی ایسی کارکردگی دکھائی ہے ، حقیقت یہ ہے کہ کے الیکٹرک جیسی مافیا سیاسی افراد کو خرید کر ان کی مہمات میں پیسے خرچ کرتے ہیں ،کے الیکٹرک مافیا کو پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم سوٹ کرتی ہے،نتجتاً یہی پارٹیاں اقتدار میں آنے کے بعد کے الیکٹرک کو سپورٹ فراہم کرتی ہیں ،کراچی کے عوام ان دونوں پارٹیوں کو مسترد کرچکے ہیں ، اب کرپشن کا دھندا زیادہ دیر تک نہیں چلے گا۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ گزشتہ 2ماہ میں ڈکیتی اور موبائل چھیننے کی وارداتوں میں کراچی کے 23نوجوانوں کو قتل کردیا گیا ہے ،5ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں چھین لی گئیں ،یہ وہ اعداد و شمار ہیں جن کی رپورٹ درج کرائی گئی ہے ،صورتحال یہ ہے کہ مسلح ڈکیتی کی وارداتوں میں خود پولیس کے افسران ملوث ہوتے ہیں۔