کراچی (صباح نیوز)کراچی میں پی ایس ایل کے میچز کے موقع پر ملحقہ سڑک سر شاہ سلیمان روڈ بند کرنے پر کراچی ٹریفک پولیس اور آپریشنل پولیس میں ٹھن گئی ٹریفک پولیس نے پریس ریلیز جاری کی کہ پی ایس ایل میچز کے موقع پر کوئی سڑک بند نہیں ہوگی تمام شاہراہیں کھلی رہیں گی ۔ لیکن جیسے ہی پہلا میچ شروع ہوا ۔
آپریشنل پولیس نے سوک سینٹر اور ایکسپو سینٹر کے قریب حسن اسکوائر فلائی اوور سے ٹریفک کو سیکورٹی وجوہات کو جواز بنا کر بند کردیا۔ جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔ جبکہ لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم اور ان کی ٹیم بھی اسٹیڈیم نہ پہنچ سکی۔ انہوں نے ایک پوڈ کاسٹ کے ذریعے سڑکوں کی بندش پر تحفظات کا اظہار کیا ۔ جس کے جواب میں جمعہ کو اپنے پریس ریلیز میں ڈپٹی انسپیکٹر جنرل ٹریفک پولیس کراچی اقبال دارا نے واضح کیا کہ سڑکوں کو ٹریفک پولیس نے بند نہیں کیا۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ حسن اسکوائر پر کنٹینر لگا کر سڑک کو بند کرنے کے معاملات پر ٹریفک پولیس کراچی کا کوئی کردار نہیں ہے۔جبکہ فخر عالم کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں سڑکوں کی بندش کے حوالے سے ٹریفک پولیس کراچی کو مورد الزام ٹھہرا یا گیا ہے ۔ٹریفک پولیس کراچی کی جانب سے پی ایس ایل کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق کسی قسم کی سڑک کو مکمل طور پر بند کرنے کا تذکرہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے مزید کا کہا ہے کہ” آپریشن پولیس کی جانب سے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر سڑک کو بند کیا گیا جبکہ سڑک بند ہونے کے باوجود ٹریفک پولیس کراچی کے اہلکار ٹریفک کو منیجمنٹ کرنے میں مصروف عمل ہیں تاکہ بروقت ٹریفک کی روانی کو بحال کیا جا سکے” دوسری طرف یونیورسٹی روڈ پر میٹرو بس روٹ کی تعمیر کی وجہ سے پہلے ہی ٹریفک جام رہتا ہے ۔ سر شاہ سلیمان روڈ بند کیے جانے کے باعث ٹریفک کو یونیورسٹی روڈ پر موڑ دیا گیا جس کی وجہ سے شہری گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہے۔