ہم حق لینا اور چھیننا بھی جانتے ہیں، مجھے آزاد حیثیت میں وزیراعلیٰ بننے کا دکھ ہے،علی امین گنڈا پور

پشاور(صباح نیوز)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب ہونے کے بعد علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ہم حق لینا اور چھیننا بھی جانتے ہیں، مجھے آزاد حیثیت میں وزیراعلیٰ بننے کا دکھ ہے، میں ایسا نظام چاہتا ہوں کہ کوئی قانون ہاتھ میں نہ لے سکے۔

ایوان میں خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ میں اللہ تعالی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، دعا ہے اللہ تعالی میری مدد فرمائے، میں بانی پی ٹی آئی کا شکرگزار ہوں کہ مجھے وزیر اعلیٰ کیلئے نامزد کیا، انشااللہ امیدوں پر پورا اتروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی، لیڈرشپ کیساتھ ظلم ہوا، ایسی فسطائیت پوری دنیا میں نہیں ہوئی، بانی پی ٹی آئی کو پاکستان کی بات کرنے پرجیل میں ڈالا گیا ، بانی پی ٹی آئی نے پاکستان، عوام اور کشمیر کی بات کی،مگر ہم انتقامی کارروائی نہیں چاہتے، نہیں چاہتے جو آج ہمارا ساتھ ہواکل کسی اور کیساتھ ہو، ہمارے کارکنوں کے ساتھ ظلم ہوا ہے، ہمارے ساتھ جو ظلم ہوا اس کا ازالہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میں ایسا نظام چاہتا ہوں کہ کوئی قانون ہاتھ میں نہ لے سکے، میں چاہتا ہوں ہماری مائیں ،بہنیں، بیٹیاں محفوظ ہوں۔انہوںنے کہا کہ مجھے آزاد حیثیت میں وزیراعلیٰ بننے کا دکھ ہے، ہم حق لینا جانتے ہیں اور چھیننا بھی جانتے ہیں۔علی امین گنڈا پور نے بتایا کہ ملک میں مہنگائی کا راج ہے، پوری قوم جان گئی ہے کہ اصل سلیکٹڈ کون ہے، یہ باہر سے آتے ہیں اور پیسہ چوری کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کام شفاف انتخابات کرانا ہے۔