اسلام آباد(صباح نیوز)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قومی اسمبلی اور سینیٹ ممبران پر مشتمل قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس8 نومبر کو طلب کر لیا۔
اعلی عسکری حکام افغانستان کی صورتحال پر بریفنگ دینگے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی اجلاس میں شرکت کرینگے۔ اجلاس سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی صدارت میں 8 نومبر 11 بجے صبح قومی اسمبلی ہال میں ہو گا،
اجلاس میں عسکری حکام کی جانب سے قومی سلامتی کے موجودہ امور پر بریفنگ دی جائے گی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے قومی سلامتی کی پارلیمانی کے اجلاس بلانے کے لیے نوٹس جاری کر دیا گیا۔وفاقی وزراء پرویز خٹک، اعجاز احمد شاہ، علی امین گنڈاپور، شفقت محمود، اسد عمر، شبلی فراز اور دیگر وزرا بھی شرکت کریں گے،
وزیراعظم کے مشیر بابراعوان اور معید یوسف بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کریں گے۔اجلاس میں چاروں صوبائی وزرا اعلی، صدر آزاد وزیر اعظم اور وزیر اعلی گلگت بلتستان کو بھی خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے تمام ممبران بھی خصوصی طور پر اجلاس میں شریک ہوں گے۔
اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، پاکستان تحریک انصاف سے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی کو شرکت کی دعوت دی گئی۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری، متحدہ مجلس عمل سے مولانا اسعد محمود اور مسلم لیگ ق سے چودھری طارق بشیر چیمہ، بی این پی مینگل کے سربراہ اختر مینگل، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، بلوچستان عوامی نیشنل پارٹی سے خالد حسین مگسی کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی۔گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس(جی ڈی اے) سے غوث بخش خان مہر، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)امیر حیدر اعظم خان بھی مدعو کر لیے گئے ہیں۔ سینیٹ سے پارلیمانی کمیٹی کے اراکین بھی اجلاس میں مدعو کر لیے گئے ہیں۔