اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان میں 22.6 ملین بچے تعلیم سے محروم ہیں ان کی آنکھوں میں مستقبل کی بے یقینی ہے، ان کے خواب ادھورے ہیں۔ اس بے یقینی کو ختم کرنے اوراور ان ادھورے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے حکومت اور سوسائٹی کو مل کر کام کرنا ہوگا۔وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے پروگرام بیسک ایجوکیشن کمیونٹی اسکولزاور ایس او ایس فاؤنڈیشن نے سوہان اسلام آباد میں آوٹ آف سکول بچوں کے لیے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں ان بچوں کومکمل تعلیمی کٹس فراہم کی گئی۔تقریب کی مہمانِ خصوصی ایس او ایس فاونڈیشن کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر شائستہ سہیل تھی۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا، کہ یہ صرف اعداد و شمار نہیں ہیں بلکہ 22.6 ملین ادھورے خواب ہیں۔ تعلیم کوئی سہولت نہیں بلکہ ہر بچے کا بنیادی حق اورملک کی ترقی کا بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو ایمرجنسی بنیادوں پراپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایس او ایس فاونڈیشن پاکستان میں 100 فیصد خواندگی کا ہدف حاصل کرنے کے لییاپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل بیسک ایجوکیشن کمیونٹی اسکولزحمید خان نیازی نے کہا کہ تعلیم سے محروم بچوں کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے سرکاری اور نجی شعبے کا باہمی تعاون ضروری ہے۔ یہ بچے مستقبل کے خاندان ہیں۔ اگر ہم نے آج ان بچوں کی تعلیم و تربیت کا انتظام نہ کیا۔ تو مستقبل میں یہ ملک کی تعمیر و ترقی میں کوئی کردار ادا نہیں کرسکیں گے اور ترقی کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزارت تعلیم اس معاملے کی اہمیت کو سمجھتی ہے اور تمام سرکاری اور تعلیم کے میدان میں کام کرنے والے نجی اداروں کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔ انہوں نے کمیونٹی سکولز میں آوٹ آف سکولز بچوں کے لئے تعلیمی سہولیات مہیا کرنے اور بچوں کو تعلیمی کٹس فراہم کرنے پر ایس او ایس فانڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے دوران بچوں میں تعلیمی کٹس تقسیم کی گئی جس میں سکول بیگس، کتابیں، کاپیاں، اور سٹیشنری کا سامان شامل تھا۔ جبکہ کمیونٹی سکول میں بچوں کے بیٹھنے کے لئے فرنیچر فراہم کیاگیا۔تقریب میں بچوں اور ان کے والدین کے علاوہ ایس او ایس فاونڈیشن کے ڈائریکٹرز نشاط فاطمہ اور عبدالسلام جبکہ بیسک ایجوکیشن کمیونٹی اسکولز کے ڈائریکٹرز ریاض جان، نابغہ نجیب ہاشمی اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔