دو مزید آزاد ارکان اسمبلی ن لیگ میں شامل، ن لیگ بلوچستان کی اکثریتی جماعت بن گئی

لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کو بلوچستان اسمبلی کی 2 نشستیں مل گئیں، دو آزاد ارکان اسمبلی ولی محمد اور عبدالخالق خان ن لیگ میں شامل ہوگئے جس کے بعد ن لیگ بلوچستان کی اکثریتی جماعت بن گئی۔شمولیت کے حوالے سے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 41 اور 51 سے فتح حاصل کرنے والے دونوں ارکان اسمبلی نے لاہور میں ن لیگ کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کی۔

ملاقات میں پارٹی کے صوبائی صدر جعفر خان مندوخیل اور پارٹی رہنما جمال شاہ کاکڑ بھی ملاقات میں موجود تھے۔دوسری جانب دو ارکان کی شمولیت کے بعد بلوچستان اسمبلی میں ن لیگ کے ارکان کی تعداد 12 ہوگئی،شہباز شریف نے ولی محمد اور عبد الخالق خان کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارک باد دی اور کہا کہ آپ نے پاکستان کے استحکام کے لئے کردار ادا کیا جو لائق تحسین ہے، پاکستان کو انتشار نہیں استحکام کی ضرورت ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ مسائل لڑائی سے نہیں بات چیت اور مل کر چلنے سے ہی حل ہو سکتے ہیں پاکستان کی ترقی کے لئے بلوچستان کی ترقی کو اولین تقاضا سمجھتے ہیں،

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لئے بلوچستان کی ترقی کو اولین تقاضا سمجھتے ہیں، نومنتخب ارکان نے وزیراعظم نامزد ہونے پر شہباز شریف کو مبارک دی۔بعد ازاں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئے، ذرائع کے مطابق شہباز شریف نجی طیارے پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ شہباز شریف کی اسلام آباد میں سیاسی ملاقاتوں کا امکان ہے، شہباز شریف کی بلاول بھٹو زرداری سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔دوسری جانب

پنجاب اسمبلی کے مزید 2 آزاد ارکان مسلم لیگ ن میں شامل

ملک بھر میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے، جس کیلئے پنجاب اسمبلی کے مزید 2 آزاد ارکان مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے ہیں۔پنجاب اسمبلی کے 2 آزاد ارکان پی پی128جھنگ سے کرنل(ر)غضنفرقریشی اور پی پی180 قصور سے احسن رضاخان نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور نامز دوزیر اعلی مریم نواز سے ملاقات کی۔

مریم نواز نے دونوں کی ن لیگ میں شمولیت کا خیرمقدم کیا اور انہیں مبارک باد دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آپ کی حمایت ملک کو تباہی سے ترقی کی طرف واپس لائے گی۔انہوں نے کہا کہ انتشار ختم کرکے پاکستان کو استحکام کی طرف لے جاناچاہتے ہیں، پنجاب کی ترقی اور عوام کو ریلیف دینے کی جامع حکمت عملی تیار کرلی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی ترقی، تعمیر، عوام کی خوش حالی کی روایت کو نئے جذبے سے آگے بڑھائیں گے۔اس موقع پر  احسن رضاخان اور کرنل(ر)غضنفر قریشی نے مریم نوازشریف کو وزیراعلی پنجاب نامزد ہونے پر مبارک باد دی۔۔