جماعت اسلامی کی مجلس شوری نے 8 فروری 2024 کے انتخابات کے نتائج مسترد اورجعلی قرار دے دئیے، احتجاجی تحریک جاری رکھنے کا فیصلہ

لاہور (صباح نیوز)جماعت اسلامی کی مجلس شوری نے 8 فروری 2024 کے انتخابات کے نتائج کو مسترد اورجعلی قرار دیتے ہوئے دھاندلی کے خلاف احتجاجی تحریک کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 23 فروری کو پشاور میں احتجاج اور 25 فروری کو اسلام آباد میں سیو دی ڈیموکریسی کانفرنس کا انعقاد ہوگا اس امر کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے منصورہ میں پریس کانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور دیگر رہنما بھی موجود تھے سراج الحق نے کہا کہدنیا بھر میں الیکشن پہلے ہوتے ہیں اور حکومت بعد میں بنتی ہے لیکن پاکستان واحد ملک ہے جہاں حکومت پہلے بنتی ہے اور خاکے میں رنگ بھرنے کے لیے الیکشن بعد میں کروائے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ساری دنیا میں انتخابات کے بعد استحکام اور امن آتا ہے، پاکستان واحد ملک ہے جہاں انتخابات کے بعد فساد اور انتشار میں اضافہ ہوتا ہے، 2024 کے انتخابات 2018 کے انتخابات کا ہی تسلسل ہے الیکشن کے بعد پولارائزیشن میں مزید اضافہ ہوا جب تک انتخابی نتائج پر عوام کا اعتماد قائم نہیں ہوگا مسلط کی گئی حکومت جتنی بھی باصلاحیت ہوپولارائزیشن ختم نہیں کی جا سکتی ۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کہتی ہے کہ دیگر ممالک پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں ہم بھی کسی کے پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے حامی نہیں ہیں لیکن غیر غیر ملکی مبصرین نے غیر جانبدارانہ آبزرو یشن کے بعد انتخابات انتخابات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ  مارشل یا ایمرجنسی پلس مسائل کا حل نہیں ہے تمام جمہوری قوتوں کو دعوت دیتے ہیں کہ ملک کو بحران سے نکالنے اور حقیقی جمہوری نظام لانے کے لیے مل کر جدوجہد کریں ۔دھاندلی کے خلاف تحریک آگے بڑھائیں گے کوشش ہے جو جماعتیں ملک میں شفاف انتخابات کی خواہ ہیں ایک پیج پرآ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ 2024کا الیکشن تاریخ کاآلودہ ترین اور بدنام ترین الیکشن تھا ،مردم شماری کے  خلاف تحفظات بھی پورے دور نہیں کیے گئے اور نہ ہی حلقہ بندیوں پر عوام کے تحفظات دور ہوئے ۔ہمارامطالبہ تھا الیکشن عدلیہ کے تحت کروائے جائیں آر اوز بھی عدلیہ سے لیے جائیں لیکن ایسا نہیں کیا گیا کمشنر کا بیان دیگ کا ایک چاول ہے پوری کی پوری دیگ ایسی ہی ہے، اگر سب لوگوں کے ضمیر جاگ جائیں تو کیا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے رات کے اندھیرے میں بجلی گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جو اس کا مینڈیٹ نہیں تھا ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں جماعت اسلامی کی چھ نشستیں کلیئر ہیں لیکن کامیابی چوتھے نمبر پرآنے والے امیدوار کی جھولی میں ڈال دی گئی۔انہوں نے کہا کہ  الیکشن کمیشن نے انتخابات پر 50 ارب روپے ضائع کر دیے گئے جمہوریت کو مذاق بنا دی گیا اور قوم کے مزید پانچ سال بھی ضائع کر دیئے گئے8 فروری کے انتخابات کے نتیجے میں جمہوریت زمین بوس ہو گئی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جعلی الیکشن کے نتیجے میں بننے والی حکومت فراڈ حکومت ہوگی جو زیادہ دیر نہیں چل سکتی جماعت اسلامی کی مجلس شوری نے فیصلہ کیا ہے کہ جماعت اسلامی اپنا فرض پورا کرے گی 23 فروری کو پشاور میں احتجاج ہوگا اور 25 فروری کو اسلام آباد میں سیو دی ڈیموکریسی کانفرنس کا انعقاد ہوگا

جس میں جمہوریت پسند جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی فلسطین میں 28985 مسلمان شہید ہو چکے روزانہ سو مسلمانوں کو شہید کیا جا رہا ہے لیکن اسلامی ممالک میں قبرستان کی جیسی خاموشی ہے اسلامی ممالک کے حکمرانوں سے اپیل ہے کہ غیرت کا مظاہرہ کریں کشمیر میں بھی ظلم کی نئی لہرآگئی ہے، جماعت اسلامی کے چار ہزار کارکن گرفتار اور پوری قیادت جیل میں ہے۔جماعت اسلامی کے تحت چلنے والے تمام سکول اور ہسپتال بند کر دئیے گئے ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر ہماری حکومت نے مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہوئی ہے ۔عوام کے شکر گزار ہیں جماعت اسلامی نے پہلے سے ڈبل ووٹ حاصل کیے ائندہ بھی عوام سے رابطہ مہم جاری رکھیں گے اور مزید بہتری لائیں گے پی ٹی ائی سے رابطے جاری رہیں گے