بجلی کی قیمت میں 3 روپے 12 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان

اسلام آباد (صباح نیوز)بجلی صارفین کے لئے ایک اوربُری خبر، بجلی صارفین کے لئے 3روپے12پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی ہونے کا امکان ہے۔بجلی کی قیمتوں میں اضافہ دسمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے۔

بجلی کی قیمت میں اضافہ کے حوالہ سے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے)کی جانب سے نیپرا میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔ نیپرادرخواست پریکم فروری کو سماعت کرے گی۔ سی پی پی اے کی جانب سے دائر درخواست میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 3روپے12پیسے اضافہ کی درخواست کی گئی ہے۔

سی پی پی اے کی جانب سے دیئے گئے اعدادوشمارکے مطابق دسمبر میںمہنگے فرنس آئل سے چار فیصد، ڈیزل سے2.84فیصد بجلی پیدا کی گئی ہے۔ جبکہ کراچی کے بجلی صارفین کے لئے بھی بُری خبر ہے، کے الیکٹرک نے بھی اپنے صارفین کے لئے بھی دسمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ایک روپے79پیسے اضافہ کی درخواست کی ہے۔ کے الیکٹرک کی درخواست پر نیپرادو فروری کو سماعت کرے گا۔ دونوں درخواستوں پر حتمی فیصلہ نیپراسماعت کے بعد کرے گا۔