انتخابی دھاندلیوں کے خلاف جماعت اسلامی کے سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے


کراچی(صباح نیوز)   جماعت اسلامی سندھ کی کال پر کراچی تا کشمور انتخابی دھاندلیوں،مینڈیٹ کی چوری اور شکست خوردہ امیدواروں کو جتوانے کے غیر جمہوری عمل کیخلاف اتوار کو کراچی، حیدرآباد،سکھر،لاڑکانہ، بدین، کندھ کوٹ،نوشہروفیروز،شکارپور سمیت مختلف اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے جس میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی،شرکا جعلی مینڈیٹ نامنظور،جھرلو الیکشن نامنظور کے نعرے لگارہے تھے۔

کندھ کوٹ پریس کلب کے سامنے منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے سندھ کے نائب امیر وامیدوار این اے191 حافظ نصراللہ عزیز اور ضلعی امیر غلام مصطفیٰ میرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پ پ امیدوار انتخابی مہم کے دوران لوگوں کے سامنے کھڑاہونے سے ڈررہے تھے مگر جعلی نتائج کے ذریعے انہیں ڈیڈھ لاکھ تک ووٹ سے جتوادیا گیا، اآراوز کے ذریعے انتخابات جیتنے والے عوام کے نہیں بلکہ خلائی مخلوق کے نمائندے ہیں جبکہ کراچی میں جماعت اسلامی کے مینڈیٹ پر جس طرح ڈاکہ ڈالا گیا اور 5 نمبر والی پارٹی کو بھاری اکثریت سے جتوادیا گیا اس عمل نے جمہوریت کا جنازہ نکال کر رکھ دیا ہے۔حیدرآباد میں پریس کلب کے سامنے منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے مرکزی نائب امیر واین اے 219کے نامزد امیدوار ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور ضلعی امیر عقیل احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 08 فروری کے جھرلو انتخاب نے عوام کا جمہوریت اور انتخابی عمل پر اعتماد ختم ہوگیا ہے، آدھا ملک گنوانے کے باوجود مقتدر قوتوں نے سبق نہیں سیکھا، الیکشن کمیشن اپنے دعوے کے مطابق صاف شفاف انتخابات کرانے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا ہے۔

لاڑکانہ میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ ، عاشق دھامراہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا ک قوم بدترین دھاندلی اور من پسند نتائج کو ہرگز تسلیم نہیں کرے گی، کراچی جیسے ترقی یافتہ شہر میں بھی جس طرح سے دھاندلیوں کے رکارڈ توڑدیئے گئے اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ  جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں ان قوتوں نے کیا کچھ نہیں کیا ہوگا، کراچی میں کچھ شاید ہی کسی امیدوار نے ایک لاکھ ووٹ لئے مگر اندرون  سندھ ایک لاکھ65 ہزار ووٹ لینے والے جعلی ایم این اے فخر کررہے ہیں۔ میرپورخاص میں مارکیٹ چوک پر احتجاجی مظاہرے سے مقامی امیر حاجی نور الاھی مغل،تحسین احمد بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 08 فروری کا دن الیکشن اور 09 فروری سلیکشن کا دن تھا،آروآفس میں خلائی مخلوق نے فارم 45 کے نتائج کو فارم47 میں تبدیل کرکے جو نتائج جاری کئے اس سے عوام کا جمہوریت پر اعتماد ختم ہوگیا ہے۔سکھر پریس کلب پر صوبائی رہنما علامہ حزب اللہ جکھرو ،زبیر حفیظ شیخ اور سلطان لاشاری کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ انتخابات کے دن انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کرنا دھاندلی کی شروعات جبکہ 30 گھنٹوں تک رزلٹ نہ دینے سے ثابت ہوگیا کہ 08 فروری کے انتخابات میں عوام کے ووٹ پر کتنا بڑا ڈاکہ ڈالا گیا ہے، عوام جعلی مینڈیٹ اور جعلی حکومت کو ہرگز قبول نہیں کرے گی۔بدین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے ضلعی امیر علی مردان شاہ ،عبدالقدوس احمدانی  اور مولانا عبدالکریم بلیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ملکی تاریخ میں دھاندلی کے تمام رکارڈ توڑدیئے، آراوز اور ڈی آراوز کے ذریعے عوامی حقوق کی سودیبازی کی گئی۔08 فیبروری کے انتخابات ملکی تاریخ کے بدترین انتخابات تھے جس میں عوام کے ووٹ کو عزت دینے کی بجائے نوٹ اور بوٹ کو عزت دی گئی۔کراچی،اسلام آباد،لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں جس طرح سے عوامی رائے عامہ کیخلاف فیصلے دیئے گئے اور من پسند امیدواروں کو جتوایا گیا ایسا مثال ماضی میں نہیں ملتا، رہنمائوں نے کہا کہ کچھ بھی ہوجائے جماعت اسلامی کراچی میں اپنا چھینا ہوا مینڈیٹ واپس لینے کیلئے احتجاج جاری رکھے گی۔ دریں اثنا نوشہروفیروز میں ضلعی امیر ایڈوکیٹ شبیر خانزادہ،شکارپور عبدالرحمن منگریو،حافظ سرفراز بھٹو،ٹنڈوآدم میں ضلعی امیر عبدالغفور انصاری اور مشتاق عادل نے احتجاجی مظاہروں سے خطاب کیا۔#